بلوچستان: چھ مشتبہ افراد گرفتار | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بلوچستان پولیس نے خضدار اور سبی سے چھ مشبہ افراد کوگرفتار کیا ہے۔ پولیس کے مطابق ان افراد نے تسلیم کیا ہے کہ وہ بلوچستان میں راکٹ حملوں، بم دھماکوں اور ریلوے لائن پر حملوں میں ملوث رہے ہیں۔ انسپکٹر جنرل پولیس چوہدری یعقوب نے بتایا ہے کہ دوافراد کو خضدار سے گرفتار کیا گیا ہے جن کے نام صاحب جان اور امیر بخش بتائے گئے ہیں۔ انہوں نے کئی وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔ اس کے علاوہ سبی سے چار افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جنہوں نے تسلیم کیا ہے کہ وہ ریلوے لائن اور بجلی کے کھمبوں پر حملوں میں ملوث رہے ہیں۔ چوہدری یعقوب نے بتایا کہ سبی سے گرفتار ہونے والے افراد کے نام وزیر محمد، علی بیگ، محمد ایوب اور علیہان بگٹی ہیں۔ یہ لوگ ڈیرہ بگٹی سے تعلق رکھتے ہیں اور وہیں ان کارروائیوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے حکمت عملی تیار کی جاتی تھی۔ یاد رہے کہ صوبہ بلوچستان میں حالات جنوری کے اوائل میں اس وقت انتہائی شدت اختیار کرگئے تھے جب سوئی میں ایک لیڈی ڈاکٹر سے جنسی زیادتی کی خبریں سامنے آئیں۔ سوئی میں گیس فیلڈ پر حملے اور فوجیوں کی ہلاکت اسی سلسلے کی کڑیاں ہیں۔ اس کے بعد سوئی میں فوجی اور نیم فوجی دستے پہنچا دیے گئے اور صوبہ بھر میں بم دھماکوں اور راکٹ حملوں میں اضافہ ہو گیا اور اس مرتبہ ان کا نشانہ اہم تنصیبات رہیں۔ آئی جی پولیس نے کہا ہے کہ ان گرفتاریوں سے مزید انکشافات متوقع ہیں اور امید ہے کہ ان کارروائیوں میں ملوث دیگر افراد بھی جلد گرفتار کیے جا سکیں گے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||