وانا: دو فوجی ہلاک دس زخمی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی اور جنوبی وزیرستان میں مختلف واقعات میں دو فوجی ہلاک جبکہ دس زخمی ہوئے ہیں۔ ان میں سے ایک جنوبی وزیرستان کے صدر مقام وانا جبکہ دوسرا رزمک سے شوال جاتے ہوئے ہلاک ہوا ہے۔ وزیرستان کے قبائلی علاقے میں فوجی ٹھکانوں پر حملوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ سنیچر کو مسلسل دوسری رات بھی جنوبی وزیرستان کے صدر مقام وانا میں نامعلوم افراد نے رات دو بجے کے قریب مغرب میں واقعے پہاڑوں سے دو راکٹ داغے۔ ان میں سے ایک سکاوٹس کیمپ کے اندر سپاہیوں کی بیرک میں جب کہ دوسرا چوکی میں گرا۔ عینی شاہدین کے مطابق یہ مقام پولیٹکل ایجنٹ وانا کے دفاتر سے چند سو گز دور ہی ہے۔ سکاوٹس کیمپ میں ہی اسسٹنٹ پولیٹکل ایجنٹ سمیت نیم فوجی ملیشیا کے بھی اہم دفاتر اور رہائش گاہیں واقعے ہیں۔ حکام کے مطابق اس حملے سے ایک سپاہی موقعے پر ہلاک جبکہ دس زخمی ہوئے ہیں۔ دو زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جنہیں اطلاعات کے مطابق طبی امداد کے لئے بنوں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ علاقے میں کافی خوف وہراس پایا جاتا ہے جبکہ اطلاعات ہیں کہ سکاوٹس کیمپ کے قریب بسنے والوں نے بھی نقل مکانی شروع کر دی ہے۔ ادھر شمالی وزیرستان سے اطلاعات ہیں کہ رزمک سے سرحدی علاقے شوال جانے والے ایک فوجی قافلے کی گاڑی باردوی سرنگ سے ٹکرانے سے ایک فوجی ہلاک جبکہ چار زخمی ہوئے ہیں۔ حادثہ پوشت زیارت نامی مقام کے قریب ہوا۔ یہ حادثہ ایک ایسے وقت ہوا ہے جب مقامی اخبارات میں آج شوال میں کسی بڑی فوجی کارروائی کی تیاریوں کی خبریں شائع ہوئی ہیں۔ پاکستان فوج کے خلاف بظاہر مشتبہ القاعدہ کے شدت پسند راکٹ حملوں اور بارودی سرنگوں کے ذریعے اپنی مزاحمت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||