وانا جرگے میں تلخ کلامی، کلاشنکوف | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
جنوبی وزیرستان میں پولیٹیکل انتظامیہ کے ساتھ ہونے والی ایک مفاہمت کے بعد منعقد ہونیوالے ایک جرگے میں احمدزئی وزیر قبائل کے عمائدین میں تلخ کلامی ہوئی اور شرکاء نے ایک دوسرے پر کلاشنکوفیں تان لیں۔ وانا سے صحافی دلاور خان وزیر کے مطابق جمعہ کے روز احمدزئی وزیرقبائل کے عمائدین کا یہ جرگہ افراتفری کی حالت کا شکار رہا جس کے مدنظر یہ جرگہ اب سنیچر کو دوبارہ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جرگے میں احمد زئی وزیرقبائل کے دو بڑے قبیلے جمعرات کو پولیٹیکل انتظامیہ کے ساتھ ہونیوالے معاہدے پر گفتگو کررہے تھے جس کے تحت وزیر قبائل کا ہر قبیلہ ایک کروڑ نقد ضمانت جمع کرنے کا مجاز ہوگا۔ جرگے میں شامل بعض قبائلی عمائدین کا کہنا تھا کہ احمد زئی وزیر قبائل اقتصادی پابندی کی وجہ سے مفلوج ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے اتنی زیادہ نقد ضمانت جمع کرنے کی طاقت کسی میں نہیں ہے۔ تاہم بعض عمائدین کا کہنا تھا کہ پولیٹیکل انتظامیہ کے ساتھ جو فیصلہ ہوا ہے اس پر عمل کیا جائے گا۔ اس بات پر قبائل عمائدین کے مابین تلخ کلامی ہوئی اور ایک دوسرے پر کلاشنکوفییں تان لی گئیں اور جرگے میں بھگدڑ مچ گئی۔ اس تنازعے کے مدنظر جمعہ کو منعقد ہونے والا یہ جرگہ فیصلہ کن نہ ہوسکا۔ عمائدین نے فیصلہ کیا ہے کہ اب یہ جرگہ سنیچر کے روز منقعد کرنے کی کوشش ہوگی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||