شکئی میں تازہ جھڑپوں کی اطلاع | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان سے اطلاعات ہیں کہ شکئی میں القاعدہ کے مشتبہ عسکریت پسندوں کے ساتھ ایک تازہ جھڑپ میں ایک فوجی اور ایک حملہ آور ہلاک ہوئے ہیں۔ البتہ حکام اس کی تصدیق نہیں کر رہے۔ جنوبی وزیرستان کا شکئی کا علاقہ حکومت کے ساتھ تعاون اور وقفے وقفے سے جھڑپوں کی بنا پر آج کل مسلسل خبروں میں ہے۔ ایک جانب اگر شکئی کے سرسبز پہاڑی علاقے کے قبائل حکومت سے ہر قسم کا تعاون کر رہے ہیں تو دوسری جانب اسی علاقے میں سکیورٹی دستوں کے ساتھ جھڑپوں کی اطلاعات بھی سامنے آ رہی ہیں۔ یہ تازہ تصادم شکئی کے نواح میں سنتوئی کے مقام پر ہوا۔ علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق یہ جھڑپ دو گھنٹے تک جاری رہی جس میں فریقین نے ہلکا اور بھاری دنوں قسم کا اسلحہ استعمال کیا۔ اس لڑائی میں ایک فوجی اور ایک حملہ آور کے ہلاک ہونے کی خبر ہے۔ لیکن حکام نہ تو فوجی کی ہلاکت کی اور نہ ہی اس جھڑپ کے بعد علاقے میں کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں مقامی قبائلیوں کو حراست میں بھی لیے جانے کی تصدیق کر رہے ہیں۔ ادھر جنوبی شہر ٹانک سے بھی اطلاعات ہیں کہ نامعلوم حملہ آوروں نے پولیس لائنز کے علاقے پر تین راکٹ داغے لیکن ان سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||