کراچی میں کار بم دھماکہ، دو ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کراچی ڈیفنس فیز ٹو میں ہونے والے کار بم دھماکے میں دو افراد کے ہلاک اور تین زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ زخمی ہونے والوں میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ دھماکہ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق صبح چھ بجکر پانچ منٹ پر ہوا۔ کراچی پولیس کے سربراہ طارق جمیل نے بی بی سی اردو سروس کو بتایا کہ یہ دھماکہ ڈیفنس فیز ٹو کے کمرشل علاقے میں رینٹ اے کار کے دفتر کے سامنے ہوا۔ طارق جمیل کے مطابق جس کار میں دھماکہ ہوا وہ دفتر کے سامنے کھڑی تھی اور ایک ڈرائیور اسے دھو رہا تھا۔ کراچی پولیس کے سربراہ کے مطابق بظاہر یوں دکھائی دیتا ہے کہ رینٹ اے کار کمپنی کے لوگ ہی کار بم کا نشانہ تھے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ دھماکے کا کوئی محرک دکھائی نہیں دیتا۔ طارق جمیل کے مطابق دھماکہ غالباً ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا تھا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||