پاکستانی وفد دلّی روانہ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان اور بھارت کے درمیان مختلف شعبوں میں دوستانہ تبادلوں کے سلسلے میں دو روزہ بات چیت کے لیے پاکستانی وفد نئی دلی روانہ ہوگیا ہے جہاں تین اور چار اگست کو فریقین کے نمائندے بات چیت کریں گے۔ سیاحت اور ثقافت کی وزارت کے سیکریٹری سید جلیل عباس کی سربراہی میں نئی دلی جانے والے پاکستانی وفد میں وزارت خارجہ اور داخلہ سمیت مختلف وزارتوں کے نمائندے بھی شامل ہیں۔ پاکستانی حکام کے مطابق سیاحت کے فروغ، سیاحوں، صحافیوں اور زائرین کے لیے ویزے کی سہولیات فراہم کرنے کے متعلق مختلف تجاویز پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔ توقع ہے کہ بھارت کے شہر آگرہ اور پاکستانی شہر ننکانہ صاحب تک بس سروس کی بحالی پر بھی دونوں ممالک کے درمیان بات چیت ہوگی۔ رواں ماہ اگست میں دونوں ممالک کے نمائندوں کے درمیان سیاچن اور سرکریک کے علاوہ دیگر معاملات بھی مختلف سطحوں پر بات چیت ہوگی جبکہ دونوں ممالک کے وزراء خارجہ تین اور چار ستمبر کو مذاکرات کریں گے۔ پاکستانی وفد پیر کی صبح اسلام آباد سے لاہور پہنچا جہاں سے دوپہر کے وقت نئی دلی روانہ ہو گیا۔ یہ وفد سیاحت کی ایک بھارتی تنظیم کی جانب سے منعقدہ ’عالمی سیاحت کانفرنس‘ میں بھی شرکت کرے گا اور سات اگست کو واپس وطن پہنچے گا۔ پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر پہلے ہی نئی دلی پہنچ چکے ہیں جہاں وہ مذاکرات میں شرکت کریں گے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||