ریاض کھوکھر بھارت پہنچ گئے | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے سیکرٹری خارجہ ریاض کھوکھر ہندوستان میں میں اپنے ہم منصب سے باضابطہ بات چیت کے لیے دہلی پہنچ گۓ ہیں۔ ہندوستان روانگی سے پہلے پاکستان کے سیکرٹری خارجہ نے لاہور ائرپورٹ پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جامع مذاکرات کے عمل کو شروع کرنے کے لیے جارہے ہیں۔ ریاض کھوکھر نے کہا کہ بات چیت کے دو نکاتی ایجنڈے میں دونوں ملکوں میں اعتماد کی بحالی کے اقدامات اور جموں و کشمیر کا مسئلہ شامل ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم بات چیت میں اب سے لے کر اگست تک دونوں ملکوں کے اہلکاروں کے درمیان ہونے والی مذاکرات کے لیے ایک شیڈول بھی بنائیں گے کیونکہ وزرائے خارجہ کی بات چیت سے پہلے دونوں ملکوں کے درمیان سرکاری اہلکاروں کی چھ ملاقاتیں ہونا طے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وہ ہندوستان ایک سنجیدہ، مخلص اور بامقصد ذہن اور رویہ کے ساتھ جارہے ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان حل طلب مسائل پر تخلیقی حل تلاش کرنا ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ وہ اس موقع پر دونوں طرف کی تجاویز کو ظاہر کرنا مناسب نہیں سمجھتے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی اپروچ تعمیری اور بامقصد ہوگی اور انھیں اس بات میں شک نہیں ہے کہ ان کے ہم منصب کا بھی یہی رویہ ہوگا کیونکہ دونوں ملکوں کی قیادت نے ان دونوں کو یہ مینڈیٹ دیا ہے کہ وہ سنجیدگی اور تعمیری انداز سے مذاکرات کریں۔ سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ دونو ں ملکوں کے درمیان ایک بڑا مسئلہ ہے اور اس پر ضرور بات ہوگی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||