| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
’عراقی تاریخ کا بڑا دن‘
عراق میں امریکی منتظم پال بریمر نے سابق صدر صدام حسین کی گرفتاری کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے ’ہم نے اسے پکڑ لیاہے‘۔ پال بریمر کے اعلان کے ساتھ ہی پریس کانفرنس میں موجود غیر ملکی اور ملکی نامہ نگاروں نے تالیاں بجانا شروع کر دیں۔ پال بریمر نے کہا کہ صدام حسین کو ہفتے کی رات کو گرفتار کیا گیا اور انہوں نے اس دن کو عراق کی تاریخ میں ایک ’بڑا دن ‘ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ صدام حسین کے حامیوں کے لیے ایک اور موقع ہے کہ وہ مخالفت چھوڑ کر ہتھیار ڈال دیں اور افہام و تفہیم کے جذبے سے عراق کی تعمیر نو میں شامل ہو جائیں۔ اس پریس کانفرنس میں صدام حسین کی گرفتاری کے وقت بنائی گئی فلم بھی دکھائی گئی۔ اس فلم میں صدام حسین کی دھاڑئی بڑھی ہوئی تھی اور ان کے بال بکھرے ہوئے تھے۔ تاہم وہ طبی طور بالکل صحت مند دکھائی دے رہے تھے۔ اس فلم کے دکھائے جانے پر بھی پریس کانفرنس میں لوگوں نے نعرے لگائے اور خوشی اور صدام کے خلاف نفرت کے ملے جلے جذبات کا اظہار کیا۔ عراق میں امریکی فوج کے سربراہ ریکارڈو سانچے نے صدام حسین کی گرفتاری کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ صدام حسین کو ایک فارم ہاؤس سے گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ گرفتاری کے وقت امریکی فوج کو کسی مزاحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور ایک گولی چلائے بغیر صدام حسین کو گرفتار کر لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ صدام حسین بات چیت اور تعاون کر رہے ہیں۔ سانچے نے کہا کہ چھ سو امریکی فوجیوں کو صدام حسین کو زندہ اور مردہ گرفتار کرنے کے لیے بھیجا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جب یہ ان کی کمیں گاہ پر پہنچے تو انہوں نے ایک سورخ دیکھا جس کو اینٹوں اور مٹی سے چھپانے کی کوشش کی گئی تھی اور اسی جگہ صدام حسین روپوش تھے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||