چترال: برفانی تودے کے ملبے تلے سات افراد تاحال لاپتہ

،تصویر کا ذریعہAPP
پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع چترال میں حکام کے مطابق تین روز قبل برف کا تودہ گرنے سے ملبے تلے دب جانے والے سات افراد کو تاحال نہیں نکالا جا سکا۔
چترال کے علاقے کریم آباد میں سوسوم کے مقام پر سنیچر کی شب برفانی تودہ گرا جس میں نو افراد ملبے تلے دب گئے تھے۔ ان میں سے اب تک صرف دو افراد کی لاشیں نکالی جاسکی ہیں۔
منگل کو چترال کے ڈپٹی کمشنر اسامہ وڑائچ نے بی بی سی کو بتایا تودے گرنے کے بعد لاپتہ ہونے والوں میں چھ طالب علم شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملبے میں لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سے خصوصی طور پر ٹیم چترال پہنچی ہے جبکہ ملبہ ہٹانے کے کام میں سول انتظامیہ اور فوج تعاون کر رہی ہے۔
اسامہ وڑائچ نے بتایا کہ برف باری کے بعد اب چترال میں خشک موسم ہے اور دھوپ کے باعث برف پگھنے سے مزید تودے گرنے کا بھی خدشہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جس مقام پر تودہ گرا تھا وہ انتہائی تنگ راستہ ہے اس لیے وہاں بڑی مشینری نہیں پہنچائی جاسکی جس کے وجہ سے ملبے میں لاپتہ افراد کی تلاش میں مشکلات درپیش ہیں۔
انھوں نے مزید بتایا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی ٹیم جدید آلات کی مدد سے ملبے میں دبے افراد کی تلاش کا کام کرے گی۔
واضح رہے کہ گذشتہ دنوں چترال میں چار فٹ تک برف پڑ ی تھی۔
گذشتہ دنوں پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں حالیہ جاری بارشوں کے باعث مٹی کے تودے گرنے اور ٹریفک حادثات کے دوران 13 افراد ہلاک اور 4 افراد زخمی ہو گئے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







