چترال میں برفانی تودہ گرنے سے آٹھ افراد ملبے تلے دب گئے

،تصویر کا ذریعہEPA
پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع چترال میں حکام کے مطابق برف کا تودہ گرنے سے آٹھ افراد تاحال ملبے تلے دب گئے ہیں جبکہ تاحال دو لاشیں نکالی گئی ہیں۔
صوبہ خیبرپختونخوا میں قدرتی آفات سے نمٹنے سے صوبائی ادارے (پی ڈی ایم اے )کے مطابق گذشتہ ایک ہفتے سے جاری بارشوں سے سلسلے میں صوبہ خیبرپختونخوا میں ہلاکتوں کی تعداد 15 ہوگئی ہے اور ایک سو سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
اتوار کو چترال میں قائم پی ڈی ایم اے کے کنٹرول روم میں ڈیوٹی پر موجود ایک اہکار نے بی بی سی کو بتایا کہ چترال کے علاقے کریم آباد میں سوسوم کے مقام پر سنیچر کی شب برفانی تودہ گرا جس میں آٹھ افراد ملبے تلے دب گئے۔
اہکار نے تودے تلے دبے افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تاحال صرف دو لاش نکالی جا سکی ہیں۔
چترال سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق علاقے میں چار فٹ برف پڑ چکی ہے۔
گذشتہ روز پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں حالیہ جاری بارشوں کے باعث مٹی کے تودے گرنے اور ٹریفک حادثات کے دوران 13 افراد ہلاک اور 4 افراد زخمی ہو گئے تھے۔
اس خطے میں قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق مظفرآباد کے نواحی علاقے سرلی سچہ میں مٹی کے تودہ اور بھاری پتھر مکان پر گرنے سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد ملبے تلے دب کر ہلاک ہو گئے جبکہ ایک چار سالہ بچی زخمی ہوئی۔
ادھر خیبرپختونخوا میں گذشتہ ایک ہفتے کے دوران بارشوں سے سیلاب اور مکانات گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 15ہوگئی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک کے شمالی علاقوں میں آئندہ چند دنوں میں مزید بارشوں کی پیشنگوئی بھی کی گئی ہے۔







