پاکستان میں بارشوں سے تباہی، ہلاکتیں 40 تک پہنچ گئیں

،تصویر کا ذریعہ
پاکستان کے وسطی اور بالائی علاقوں میں تین روز قبل شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور ملک بھر میں حالیہ بارشوں کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 40 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 49 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے ملک کے متعدد علاقوں اور فاٹا میں آئندہ 24 گھنٹے میں مزید بارشوں کی پیشن گوئی کی ہے۔
قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی اور صوبائی اداروں کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں سے 17 افراد صوبہ بلوچستان، 14 ملک کے قبائلی علاقوں، چھ خیبر پختونخوا جبکہ تین پنجاب میں بارش کی وجہ سے پیش آنے والے مختلف حادثات کا نشانہ بنے۔
پشاور سے نامہ نگار رفعت اللہ اورکزئی کے مطابق جانی نقصان کا سب سے بڑا واقعہ قبائلی علاقے لوئر اورکزئی میں پیش آیا جہاں بارش کی وجہ سے کوئلے کی کان بیٹھنے سے چھ مزدور ہلاک اور آٹھ زخمی ہوئے۔
کان کے مالک کے مطابق ہلاک شدگان میں پانچ افراد کا تعلق ضلع شانگلہ الپوری اور ایک کا تعلق اورکزئی ایجنسی سے بتایا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کان میں لاپتہ دو افراد کی تلاش کا کام بدستور جاری ہے۔
قبائلی علاقوں میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے ایف ڈی ایم کے ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر قاسم علی خان نے بی بی سی کو بتایا کہ لوئر اورکزئی ایجنسی کے علاقے ڈولی میں بارشوں کی وجہ سے کان گرنے کے واقعے میں مرنے والے کان کنوں کی لاشیں ان کی آبائی علاقوں کی طرف روانہ کر دی گئی ہیں۔
ایف ڈی ایم اے کے ترجمان نے مزید کہا کہ خیبر ایجنسی، ایف آر مہمند اور باجوڑ ایجنسی میں بھی مکانات گرنے کے مختلف واقعات میں آٹھ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
صوبہ خیبر پختونخوا میں بھی حالیہ طوفانی بارشوں کی وجہ سے مختلف علاقوں سے بڑے پیمانے پر نقصانات کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ایف ڈی ایم اے کے مطابق مردان، کرک اور بنوں میں بارشوں کی وجہ سے مختلف علاقوں میں متعدد مکانات منہدم ہوئے ہیں اور ان واقعات میں کم سے کم چار افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔
ملاکنڈ ڈویژن سے بھی بارشوں کی وجہ سے دو افراد کی ہلاکت اور 15 کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق صوبے کے مِختلف اضلاع میں نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ صوبے میں کسی بھی ہنگامی حالت سے نمٹنے کے لیے تمام ادارے متحرک ہیں۔
دوسری طرف پنجاب سے بھی بارشوں کے باعث ہلاکتوں کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔
پاکستان ٹیلی ویژن نے ریسکیو حکام کے حوالے سے خبر دی ہے کہ ضلع گوجر خان میں مکان کی چھت گرنے سے تین افراد ہلاک ہوئے پیں۔
وزیرِ اعلیٰ شہباز شریف نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق بارشوں کی وجہ سے سب سے زیادہ مالی نقصان بلوچستان میں ہوا ہے جہاں 48 مکانات تباہ ہوئے ہیں۔







