شمالی وزیرستان میں مکان منہدم، چھ خواتین و بچے ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, عزیز اللہ خان
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان ایجنسی کے علاقے دتہ خیل میں شدید بارشوں سے مکان کی چھت گر گئی ہے جس میں دو خواتین اور چار بچے ہلاک ہو گئے ہیں۔
خیبر پختونخوا میں ایک ہفتے سے جاری بارشوں سے پندرہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
سرکاری اہلکاروں کے مطابق یہ مکان تحصیل دتہ خیل کے علاقے منظر خیل میں واقع ہے۔ بارشوں سے مکان کے دو کمرے گر گئے ہیں۔
اہلکاروں نے بتایا کہ یہ مکان کچا تھا اور اس واقعے میں دو خواتین، دو بچے اور تین بچیاں ہلاک ہو گئی ہیں جبکہ ایک بچہ شدید زخمی ہوا ہے۔
بارشوں سے قبائلی علاقوں کے ساتھ ساتھ خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔
صوبے میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے میں شدید بارشوں سے ایک ہفتے یعنی بارہ مارچ سے اٹھارہ مارچ تک 15 افراد ہلاک اور 23 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ان بارشوں سے ایک سو کے لگ بھگ مکانات تباہ ہوئے ہیں جبکہ 131 مویشی ضائع ہوئے ہیں۔ سب سے زیادہ مویشی شانگلہ میں ضائع ہوئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق پشاور میں سب سے زیادہ جانی نقصان ہوا ہے جہاں پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ مردان اور بنوں میں دو دو افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







