تصادم کے بعد ویگن میں آگ لگنے سے 12 مسافر ہلاک

،تصویر کا ذریعہEPA
- مصنف, رفعت اللہ اورکزئی
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں حکام کا کہنا ہے کہ ایک مسافر گاڑی کا گیس سلنڈر پھٹنے سے اس پر سوار کم از کم 12 مسافر ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
ہلاک ہونے والوں میں پانچ خواتین اور پانچ بچے بھی شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ اتوار کی شام انڈس ہائی وے پر الوڑگے کے مقام پر دو گاڑیوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں پیش آیا۔
جائے وقوعہ پر موجود کرک پولیس کے ایک اہلکار محمد اصغر نے بی بی سی کو بتایا کہ تیزرفتاری کے باعث ہائی وے پر ایک پجیرو گاڑی مخالف سمت سے آنے والی ہائی ایس ویگن سے ٹکرا گئی جس کے بعد دھماکہ ہوا۔
انھوں نے کہا کہ تصادم سے ویگن کا سی این جی سیلنڈر پھٹ گیا اور گاڑی میں آگ لگ گئی۔
اہلکار نے بتایا کہ حادثے میں اب تک 12 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ چھ افراد زخمی ہیں جن میں چار کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

،تصویر کا ذریعہEPA
زخمیوں کو کوہاٹ کے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس اہلکار کے مطابق آگ لگنے سے مرنے والے افراد کی لاشیں بری طرح جھلس گئی ہیں جس سے ان کی شناخت میں بھی مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ مرنے والے افراد کا تعلق کرک ضلع سے بتایا جاتا ہے تاہم سرکاری طورہر ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ انڈس ہائی وے کراچی جانے کےلیے ایک اہم شاہراہ سمجھی جاتی ہے تاہم تیز رفتاری کے باعث اس شاہراہ پر اکثر اوقات حادثات پیش آتے رہے ہیں جس میں قیمتی جانیں ضائع ہوتی رہی ہیں۔







