سکھر: ٹریفک حادثے میں کم از کم 40 افراد ہلاک

،تصویر کا ذریعہGetty
پاکستان کے صوبے سندھ کے ضلع سکھر کے قریب ایک مسافر بس اور ٹرالر میں تصادم کے نتیجے میں کم سے کم 40 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
پنوں عاقل کے سرکاری تعلقہ ہسپتال کے انچارج میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد بخش سیال نے بتایا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد 40 ہو گئی ہے۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 12 بچے اور 13 خواتین بھی شامل ہیں۔
ڈاکٹر بخش سیال کا کہنا تھا کہ اکثر افراد کو سر اور سینے پر چوٹیں آئی تھیں جو ان کی فوری موت کا سبب بنیں۔
ہائی وے پولس کے ایس ایس پی کیپٹین فیصل نے صحافی علی حسن کو فون پر بتایا کہ 19 افراد کے ناموں کی شناخت ہو چکی ہے جب کہ شناخت کا عمل جاری ہے۔
ایس ایس پی نے 60 مسافروں سے بھری بس کے ڈرائیور کو حادثے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا ’بس ڈرائیور نے بائیں جانب سے ٹرالر کو اوور ٹیک کرنے کی کوشش کی جس کے باعث بس ٹرالر میں گھس گئی۔
انھوں نے بتایا کہ بس ڈرائیور بھی حادثے میں ہلاک ہو گیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ بائیں جانب سے اوور ٹیک کرنا غیر قانونی عمل ہوتا ہے لیکن ہائی وے پر اکثر چھوٹی اور بڑی گاڑیوں کے ڈرائیور غلط ڈرائیونگ کرتے ہیں جس کے باعث حادثات ہوتے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
جائے حادثے پر پہنچے والے ایک مقامی صحافی کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہ کا یہ حصہ گھوٹکی سے سکھر تک زیر تعمیر ہے جس کی وجہ سے تمام گاڑیوں کو کئی مقامات پر سنگل سڑک پر چلنا پڑتا ہے۔







