مری: دو بسیں کھائی میں گرنے سے نو ہلاک

- مصنف, شہزاد ملک
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے تفریحی مقام مری جانے والے پہاڑی راستے پر دو بسوں کے کھائی میں گرنے سے کم از کم نو افراد ہلاک اور 20 سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں۔
راولپنڈی پولیس کے ایس پی صدر عارف شہباز نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ یہ حادثہ بدھ کی شام راولپنڈی سے مری جانے والی سڑک پر سالگراں کے مقام پر پیش آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ حادثہ کراسنگ کے دوران پیش آیا۔
ایس پی صدر کے مطابق ایک بس مری سے راولپنڈی اور دوسری راولپنڈی سے مری جا رہی تھی اور تصادم کے بعد دونوں بسیں گہری کھائی میں بہنے والی ندی میں جا گریں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں تاہم خراب موسم اور ضروری مشینری نہ ہونے کی وجہ سے اس عمل میں مشکلات کا سامنا ہے۔

خیال رہے کہ اس علاقے میں بدھ کی صبح سے ہی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
جائے حادثہ پر موجود ایس پی صدر کے مطابق اب تک جائے حادثہ سے 9 لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ حادثے میں 23 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
حادثے میں ہلاک ہونے والے مسافروں کی لاشوں اور زخمیوں کو اسلام آباد کے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے علاوہ راولپنڈی کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پمز میں شعبۂ ہنگامی امداد میں موجود ڈاکٹر اقبال نے بتایا ہے کہ اب تک حادثے میں ہلاک ہونے والے چار افراد کی لاشیں وہاں لائی گئی ہیں جبکہ وہاں موجود 30 زخمیوں میں سے چار کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں ٹریفک حادثات عام ہیں اور ان کی عمومی وجوہات مخدوش سڑکیں، ٹرانسپورٹ کی خراب حالت، ڈرائیوروں کی غفلت، پہاڑی علاقوں میں تیز رفتاری سے گاڑیاں چلانا اور گاڑیوں میں گنجائش سے زیادہ مسافر سوار کرنا بتائی جاتی ہیں۔







