جیپ کھائی میں گرنے سے ایک خاندان کے آٹھ ارکان ہلاک

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ میں پولیس حکام کے مطابق ایک ٹریفک حادثے میں ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
پولیس کے مطابق یہ حادثہ مانسہرہ کے تحصیل بالاکوٹ میں رات تین بجے کے قریب اس وقت پیش آیا جب سعودی عرب سے وطن واپس آنے والے ایک شخص کو ان کے خاندان والے پشاور ایئرپورٹ سے لے کر سنجوڑہ گاؤں جا رہے تھے۔
یہ افراد ایک جیپ میں سوار تھے جو گہری کھائی میں جا گری۔
صحافی انور شاہ نے پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ حادثہ دور افتادہ پہاڑی علاقے میں پیش آیا جہاں انتہائی دشوار گزار پہاڑی راستے ہیں۔
مقامی پولیس اہلکار کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں چار خواتین بھی شامل ہیں جبکہ سعودی عرب سے آنے والا شخص سجاد زخمی ہونے والوں میں شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں تنگ اور پرخطر راستوں کے باعث ٹریفک حادثات ہوتے رہتے ہیں جن کی بنیادی وجہ کچی اور تنگ سڑکیں بتائی جاتی ہیں۔
بارشوں کے موسم میں ان علاقوں میں ہلکی لینڈ سلائیڈ نگ اور پھسلن کے باعث حادثات کے امکانات اور بھی بڑھ جاتے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







