پنجاب اور بلوچستان میں ٹریفک حادثات، 10 افراد ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے شہر خضدار اور صوبہ پنجاب کے شہروں رحیم یار خان اور راجن پور میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں دس افراد ہلاک اور 39 زخمی ہوئے ہیں۔
پاکستان کے سرکاری ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ پہلا حادثہ بلوچستان کے علاقے حضدار کے قریب رات دیر گئے پیش آیا۔ اس سڑک حادثے کے دوران کوئٹہ سے کراچی جانے والی بس الٹ گئی۔اس واقعے میں چار افراد ہلاک اور 28 زخمی ہوئے۔ زخمی مسافروں کو سول ہسپتال خضدار منتقل کیا گیا ہے۔
دوسرا سڑک حادثہ رحیم یار خان کے قریب صادق آباد بائی پاس پر اُس وقت ہوا جو مسافر بس سامنے سے آنے والے ٹرالر سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے میں تین افراد ہلاک اور دس زخمی ہوئے ہیں۔
زخمیوں کو صادق آباد تحصیل ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
تیسرا ٹریفک حادثہ اتوار کو راجن میں فیض آباد کے قریب ہوا۔ اس واقعے میں آئل ٹینکر ایک کار سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور زخمی ہوا۔
پاکستان میں ٹریفک حادثات عام ہیں اور ان کی عمومی وجوہات مخدوش سڑکیں، ٹرانسپورٹ کی خراب حالت، ڈرائیوروں کی غفلت، پہاڑی علاقوں میں تیز رفتاری سے گاڑیاں چلانا اور گاڑیوں میں گنجائش سے زیادہ مسافر سوار کرنا بتائی جاتی ہیں۔
حال ہی میں صوبہ سندہ کے علاقے خیر پور میں مسافر بس اور ٹرک کے تصادم میں 60 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں بچے و خواتین بھی شامل تھیں۔
اس سال جنوری میں صوبہ سندھ ہی کے ضلع نواب شاہ میں ایک ٹریفک حادثے میں 18 طلبا و طالبات سمیت 21 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ڈپٹی کمشنر نواب شاہ عبدالعلیم لاشاری نے اس وقت کہا تھا کہ طالب علم کوئز مقابلے میں شرکت کے لیے نواب شاہ آئے تھے اور پروگرام کے بعد واپس جارہے تھے کہ ایک تیز رفتار ڈمپر بچوں کی ویگن سے ٹکرایا جس کے نتیجے میں 21 افراد ہلاک ہوگئے۔







