ٹرک دریائے سوات میں گرنےسے 16 افراد ہلاک متعدد لاپتہ

کچھ افراد لاپتہ بھی ہوئے ہیں جن کے تلاش کے امدادی کاروائیاں جاری ہیں
،تصویر کا کیپشنکچھ افراد لاپتہ بھی ہوئے ہیں جن کے تلاش کے امدادی کاروائیاں جاری ہیں
    • مصنف, سید انور شاہ
    • عہدہ, سوات

پاکستان کے ضلع سوات کے سیاحتی علاقے کالام میں پولیس حکام کے مطابق ٹرک دریائے سوات میں گرنے سے کم سے کم 16 افراد ہلاک اور سات زخمی ہوگئے ہیں۔

حکام کے مطابق متعدد افراد لاپتہ ہیں جن کے تلاش کے لیے امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔

تھانہ بحرین کے محرر طارق نے بی بی سی کو بتایا کہ ایک خاندان جو کہ مینگورہ سے کالام منتقل ہورہا تھا کہ پشمال کے قریب رات تین بجے کے قریب دریائے سوات میں گرگیا جس کے نتیجے میں اب تک کم سے کم 16 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

ان کے مطابق مرنے والوں میں 10 بچے، پانچ خواتین اور ایک مرد شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کچھ افراد لاپتہ بھی ہوئے ہیں جن کے تلاش کے امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔

امدادی کاروائیوں میں مقامی لوگ اور پولیس کے اہلکار حصہ لے رہے ہیں جبکہ لاشوں اور زخمیوں کو کالام کے ہسپتال منتقل کیا جارہا ہیں۔

واضح رہے کہ سردیوں کے موسم میں کالام کے مقامی لوگ ذریعہ معاش کی تلاش میں ملک کے دیگر علاقوں کی طرف نقل مکانی کرتے ہیں اور جب گرمی کا موسم شروع ہوتا ہے تو یہ لوگ واپس اپنے علاقوں کو لوٹ آتے ہیں۔

پاکستان کے پہاڑی علاقوں میں تنگ اور پر خطر راستوں کے باعث حادثات کا خطرہ ہمیشہ رہتا ہے۔ اور بارشوں کے موسم میں ہلکی لینڈ سلائٹنگ اور پھسلن کے باعث ان کا امکان اور بھی بڑھ جاتا ہے۔ پچھلے کچھ برسوں میں پاکستان میں ہونے والے حادثات کافی جان لیوا رہے ہیں۔