چنیوٹ: ٹریفک حادثے میں سترہ افراد ہلاک

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں ضلع چنیوٹ کے قریب مسافر کوچ اور ٹرک کے درمیان تصادم کے نتیجے میں سترہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
ضلع چنیوٹ کے صدر تھانہ کے ایس ایچ او محمد انور نے بی بی سی کو بتایا کہ حادثہ چنیوٹ اور پنڈی بھٹیاں کے درمیان ایک بستی میں ہوا۔
پولیس اہلکار نے بتایا کہ اس واقعے میں پانچ خواتین اور دو بچے بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ واقعہ پیر کو رات دیر سے پیش آیا۔
انھوں نے کہا کہ ہائی روف مسافر کوچ راولپنڈی کی طرف سے آ رہی تھی جبکہ ٹرک چنیوٹ کی طرف سے آ رہا تھا کہ ان کے درمیان تصادم ہوا۔
ایس ایچ او نے حادثے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مسافر کوچ بے قابو ہوئی اور ٹرک سے جا ٹکرائی جس کے بعد مسافر کوچ میں آگ لگ گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ آگ گیس سلنڈر پھٹنے کی وجہ سے نہیں لگی تھی۔
حادثے کے بعد امدادی کارکنوں نے لاشوں کو نکال کر ہسپتال متنقل کر دیا ہے۔
مئی میں صوبہ پنجاب میں ضلع گجرات میں ایک سکول ویگن میں آگ لگنے سے بچوں سمیت 17 افراد ہلاک جبکہ سات بچے شدید زخمی ہوئے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اسی طرح گذشتہ سال نومبر میں صوبہ خیبر پختون خوا کے ضلع کرک میں انڈس ہائی وے پر مسافر کوچ اور ٹرالر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں سولہ افراد ہلاک اور تیس زخمی ہوگئے تھے جبکہ صوبہ سندھ کے شہر دادو کے قریب حادثے میں آٹھ افراد ہلاک اور چھ زخمی ہوئے تھے۔







