پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں بس حادثہ، 15 افراد ہلاک

حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو ضلعی ہیڈکوارٹرز ہسپتال میرپور منتقل کر دیا گیا ہے

،تصویر کا ذریعہPTI

،تصویر کا کیپشنحادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو ضلعی ہیڈکوارٹرز ہسپتال میرپور منتقل کر دیا گیا ہے

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں ایک مسافر بس کے حادثے میں 15 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے ہیں۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق یہ واقعہ کشمیر کے علاقے پونہ میں اس وقت پیش آیا جب ایک بس کھائی میں گر گئی۔ یہ بس میرپور سے سماہنی جارہی تھی۔

سرکاری ریڈیو نے پولیس کے حوالے سے بتایا کہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو ضلعی ہیڈکوارٹرز ہسپتال میرپور منتقل کر دیا گیا ہے۔

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں سڑک کے حادثات میں اموات میں اضافہ دیکھنے آیا ہے اور اس سے پہلے بھی کئی مسافر گاڑیاں حادثوں کا شکار ہوتی رہی ہیں۔

مئی سنہ 2011 میں پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں پولیس کے مطابق ایک مسافر بس حادثے کا شکار ہوکر دریائے نیلم میں جاگری جس کے نتیجے میں 35 افراد لاپتہ ہوگئے تھے جن میں 22 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی تھی۔

یہ واقعہ کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کے شمال مشرق میں واقع وادی نیلم میں پیش آیا تھا۔

جون سنہ 2011 میں پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں ایک نجی سکول وین نہر میں گرنے سے 12 بچے ہلاک ہو گئے تھے۔

اسی طرح ستمبر سنہ 2010 میں پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں پولیس کے مطابق ایک مسافر بس کے حادثے کے نتیجے میں کم از کم 14 افراد ہلاک اور تین درجن کے قریب زخمی ہوئے تھے۔