خیرپور کے قریب ٹریفک حادثہ، ہلاکتیں 58 ہوگئیں

پاکستان میں ٹریفک حادثات عام ہیں اور ان کی عمومی وجوہات مخدوش سڑکیں، ٹرانسپورٹ کی خراب حالت، ڈرائیوروں کی غفلت بتائی جاتی ہے

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنپاکستان میں ٹریفک حادثات عام ہیں اور ان کی عمومی وجوہات مخدوش سڑکیں، ٹرانسپورٹ کی خراب حالت، ڈرائیوروں کی غفلت بتائی جاتی ہے

پاکستان کے صوبہ سندھ کے شہر خیرپور میں منگل کی صبح ہونے والے ٹریفک حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 58 تک پہنچ گئی ہے۔

سول ہسپتال خیرپور کے انتظامی اہلکار نعمت اللہ نے بی بی سی کو بتایا کہ حادثے میں زخمی ہونے والے 21 افراد میں سے مزید دو زخمیوں نے دوپہر کو دم توڑ دیا جس سے ہلاک شدگان کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

انھوں نے مزید بتایا کہ ’حادثے میں زخمی اور ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر کا تعلق سوات، باجوڑ پشاور اور کراچی سے ہے۔‘

ان کے مطابق ہلاک شدگان کو غسل دینے اور کفن کے انتظامات کیے جارہے ہیں اور فی الحال کسی میت کو ہسپتال سے منتقل نہیں کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بس کا ڈرائیور بھی حادثے میں ہلاک ہو گیا جبکہ ٹرک ڈرائیور کی حالت بھی تشویشناک ہے اور کل 19 زخمی سول ہسپتال خیرپور میں زیر علاج ہیں۔

اس سے قبل ایم ایس خیر پور ہسپتال نے بتایا تھا کہ ہلاک ہونے والوں میں 18 بچے، 21 خواتین اور 17 مرد شامل ہیں۔

حادثے کے نتیجے میں مسافر بس کو شدید نقصان پہنچا اور امدادی کارکنوں نے بس کا ڈھانچہ کاٹ کر ہلاک شدگان اور زخمیوں کو باہر نکلا

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنحادثے کے نتیجے میں مسافر بس کو شدید نقصان پہنچا اور امدادی کارکنوں نے بس کا ڈھانچہ کاٹ کر ہلاک شدگان اور زخمیوں کو باہر نکلا

ہائی وے پولیس کے ایس ایس پی کیپٹن ریٹائرڈ فیصل عبداللہ نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ منگل کی صبح خیر پور کے نزدیک ٹھیٹری بائی پاس پر مسافر بس اور ٹرالر کے درمیان تصادم ہوا۔

انھوں نے کہا کہ پشاور سے کراچی جانے والی مسافر بس مقامی وقت کے مطابق پونے پانچ بجے کے قریب ٹھیٹری بائی پاس پر واقع ایک پیٹرول پمپ سے تیل ڈلوانے کے بعد جیسے ہی سڑک پر آئی تو آنے والے ٹرالر سے ٹکرا گئی۔

انھوں نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق حادثہ بس ڈرائیور کی غفلت کی وجہ سے پیش آیا۔

حادثے کے نتیجے میں مسافر بس کو شدید نقصان پہنچا اور امدادی کارکنوں نے بس کا ڈھانچہ کاٹ کر ہلاک شدگان اور زخمیوں کو باہر نکلا۔

پاکستان کے صدر ممنون حسین نے زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

پاکستان میں ٹریفک حادثات عام ہیں اور ان کی عمومی وجوہات مخدوش سڑکیں، ٹرانسپورٹ کی خراب حالت، ڈرائیوروں کی غفلت، پہاڑی علاقوں میں تیز رفتاری سے گاڑیاں چلانا اور گاڑیوں میں گنجائش سے زیادہ مسافر سوار کرنا بتائی جاتی ہیں۔