نواب شاہ میں ٹریفک حادثہ، 18 بچوں سمیت 21 ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان کے صوبہ سندھ کے ضلع نواب شاہ میں ایک ٹریفک حادثے میں 18 طلبا و طالبات سمیت 21 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
یہ حادثہ بدھ کو نواب شاہ کی قاضی احمد لنک روڈ پر ہوا اور ہلاک ہونے والوں کا تعلق تحصیل دولت پور شفن سے تھا۔
ڈپٹی کمشنر نواب شاہ عبدالعلیم لاشاری کا کہنا ہے کہ طالب علم کوئز مقابلے میں شرکت کے لیے نواب شاہ آئے تھے اور پروگرام کے بعد واپس جارہے تھے کہ ایک تیز رفتار ڈمپر بچوں کی ویگن سے ٹکرایا جس کے نتیجے میں 21 افراد ہلاک ہوگئے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں اکثریت طالب علموں کی ہے جب کہ 15 بچے زخمی ہیں جنھیں تمام طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں اور زخمیوں کو پیپلز میڈیکل کالج ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہReuters
حادثے کے بعد ہسپتال میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد پہنچ گئی ہے جن میں زیادہ تر بچوں کے والدین تھے۔
صحافی علی حسن کے مطابق اس حادثے میں دو سگی بہنوں سمیت بارہ طالبات اور چھ طلبا ہلاک ہوئے ہیں جن کی اجتماعی نمازِ جنازہ جمعرات کو دولت پور میں ادا کی جائے گی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ تاحال اس واقعے کا مقدمہ درج نہیں کیا گیا ہے اور ضلعی پولیس ڈمپر کے ڈرائیور کے خلاف حادثے کی بجائے قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے پر غور کر رہی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
نواب شاہ پولیس کے ضلعی سربراہ ایس ایس پی جاوید جسکانی کا کہنا ہے کہ ’یہ حادثے کا نہیں بلکہ قتل کا مقدمہ بنے گا۔ہم نے قتل کی ایف آئی آر درج کروانے کے لیے سکول کی انتظامیہ سے رابطہ کیا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ حادثے کا ذمہ دار ڈمپر کا ڈرائیور ہے جسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔ جاوید جسکانی کے مطابق ڈرائیور غلط سمت پر جا رہا تھا جب اس نے سکول کی گاڑی کو ٹکر ماری۔







