مستونگ میں دھماکہ، ایف سی کا اہلکار ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں دیسی ساختہ بم کے دھماکے میں ایف سی کا ایک اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوگئے ہیں۔
ایف سی کے ترجمان کی جانب سے جاری کیے گئے پیغام کے مطابق یہ واقعہ منگل کو اسپلنجی نامی علاقے کے قریب پیش آیا۔
پیغام میں بتایا گیا ہے کہ ایف سی کی حفاظتی چوکیوں پر تعینات اہلکاروں کے لیے پانی لے جانے والی گاڑی اس دھماکے کا نشانہ بنی۔
دھماکے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کی حالت بھی نازک بتائی گئی ہے۔
ادھر ایف سی کا ہی کہنا ہے کہ تربت کے علاقے سرن کاہن میں ایک آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے کمانڈر سمیت تین عسکریت پسندوں کو بھی ہلاک کیا گیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
ترجمان کے مطابق یہ کارروائی علاقے میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر ایف سی اور حساس اداروں نے مشترکہ طور پر کی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ چھاپے کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں کالعدم لشکرِ بلوچستان کا کمانڈر خلیل دو ساتھیوں سمیت مارا گیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیال رہے کہ یہ رواں ماہ صوبے میں ایف سی اہلکاروں کو نشانہ بنائے جانے کا دوسرا واقعہ ہے۔
اس سے قبل کوئٹہ کی جوائنٹ روڈ کے بروری کراسنگ پر واقع سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر بم حملے میں ایک اہلکار ہلاک ہوا تھا۔







