کوئٹہ دھماکے میں ایک اہلکار ہلاک، چار افراد زخمی

،تصویر کا ذریعہAFP

    • مصنف, محمد کاظم
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں سنیچر کو ایک بم دھماکے میں ایک سیکورٹی اہلکار ہلاک اور چار افراد زخمی ہو گئے۔

زخمی ہونے والوں میں تین سکیورٹی اہلکار اور ایک بچہ شامل ہے۔

ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ عبدل وحید خٹک نے میڈیا کو بتایا کہ دھماکہ جوائنٹ روڈ پر بروری کراس پر واقع سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر ہوا۔

عبدل وحید خٹک کا کہنا تھا کہ رات کو اس چیک پوسٹ کو ایف سی اہلکار خالی چھوڑ دیتے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ رات کو یا علی الصبح سیکورٹی اہلکاروں کے آنے سے پہلے نامعلوم افراد نے یہاں دھماکہ خیز مواد نصب کیا تھا۔

ایس ایس پی آپریشنز نے بتایا کہ صبح جب یہ اہلکار ڈیوٹی پر آئے تو ایک زوردار دھماکہ ہوا۔

دھماکے کے نتیجے میں چار اہلکار اور سکول جانے والا ایک بچہ زخمی ہوا۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان میں سے ایک زخموں کی تاب نہ لا کرچل بسا۔

گذشتہ روز فرنٹیئر کور کی ایک کارروائی میں خضدار کے علاقے میں ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا تھا۔

کوئٹہ میں فرنٹیئر کور کے ترجمان کے مطابق یہ کارروائی ضلع کے علاقے گونی گریشہ میں کی گئی۔

ترجمان کے مطابق اس کارروائی میں کالعدم عسکریت پسند تنظیم سے تعلق رکھنے والا ایک شخص ہلاک جبکہ دوسرے کو گرفتار کر لیا گیا۔

ترجمان کے مطابق کاروائی میں اسلحہ اور ریاست مخالف لٹریچر بھی برآمد کیا گیا۔