کوئٹہ میں ’کالعدم شدت پسند تنظیم‘ کے تین افراد ہلاک

آزاد ذرائع سے تینوں افراد کی فائرنگ کے تبادلے میں ہلاکت کی تصدیق نہیں ہوئی

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنآزاد ذرائع سے تینوں افراد کی فائرنگ کے تبادلے میں ہلاکت کی تصدیق نہیں ہوئی
    • مصنف, محمد کاظم
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں سکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں تین مسلح افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق ایک کالعدم مذہبی شدت پسند تنظیم سے بتایا جاتا ہے۔

سنیچر کو فرنٹیئر کور بلوچستان کے ترجمان نے بتایا کہ کوئٹہ کے نواحی علاقے سریاب میں ایک گھر پر کالعدم شدت پسند تنظیم سے تعلق رکھنے والے افراد کی موجودگی کی اطلاع پر ایف سی نے کاروائی کی ۔

ترجمان کے مطابق کاروائی کے دوران ایف سی اہلکاروں اور مسلح افراد کے درمیان شدید فائرنگ کاتبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم شدت پسند تنظیم سے تعلق رکھنے والے تین مطلوب ملزمان ہلاک ہوئے۔

آزاد ذرائع سے تینوں افراد کی فائرنگ کے تبادلے میں ہلاکت کی تصدیق نہیں ہوئی۔

ایک اور واقعہ میں سریاب ہی کے علاقے میں ریلوے ٹریک کے ساتھ دھماکہ ہوا۔ سریاب پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ نامعلوم افراد نے ریلوے ٹریک کے ساتھ دھماکہ خیز مواد نصب کیا تھا۔ دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے ریلوے ٹریک کو جزوی نقصان پہنچا۔