کوئٹہ میں فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں ایک شخص ہلاک

،تصویر کا ذریعہb
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کے ایک واقعہ میں ایک شخص ہلاک ہو گیا ہے۔
یہ واقعہ منگل کوکوئٹہ شہر میں جان محمد روڑ پر پیش آیا۔
اس واقعہ کے خلاف وحدت المسلمین نے علمدار روڈ پر احتجاج کیا ہے اور قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔
انڈسٹریل پولیس سٹیشن کے ایک سینیئر اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ ہلاک ہونے والا شخص موٹر مکینک تھا اور صبح جان محمد روڑ پر واقع اپنے گیراج کی جانب جا رہا تھا کہ ایک موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم افراد نے اس پر فائرنگ کر دی۔
اہلکار نے بتایا کہ ایک گولی اس کے سر میں لگی اور شدید زخمی ہونے کے باعث وہ موقع پر ہلاک ہو گیا۔
دونوں حملہ آور جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس اہلکار نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے شخص کی عمر 60 سال کے قریب تھی اور اس کا تعلق شیعہ مسلک سے تھا۔
اس واقعے کے بارے میں تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے تاہم پولیس اہلکار نے ابتدائی تحقیق کے حوالے سے بتایا کہ یہ فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
کوئٹہ شہر میں بدامنی کے دیگر واقعات کے ساتھ ساتھ فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات بھی رونما ہو رہے ہیں تاہم حکام کا کہنا ہے کہ پہلے کے مقابلے میں ان میں بڑی حد تک کمی آئی ہے۔







