کوئٹہ: فائرنگ کے دو واقعات میں چار افراد ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں چار افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے۔
کوئٹہ شہر میں فائرنگ کا پہلا واقعہ سنیچر کی شام اسپنی روڈ پر پیش آیا۔
سول لائنز پولیس سٹیشن کے ایک اہلکار نے بتایا کہ دو افراد ایک گاڑی میں اسپنی روڈ سے گزر رہے تھے، جب ان کی گاڑی پہلوان بابا کے قریب پہنچی تو نامعلوم موٹر سائیکلوں سواروں نے گاڑی پر فائرنگ کر دی۔
اہلکار کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوا۔ زخمی کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔
اہلکار نے بتایا کہ دونوں افراد کا تعلق شیعہ مسلک سے تعلق رکھنے والا ہزارہ قبیلے سے تھا۔
کوئٹہ شہر میں چار روز کے دوران ہزارہ قبیلے سے تعلق رکھنے والے افراد پر یہ تیسرا حملہ ہے۔
اس واقعہ کے پانچ گھنٹے بعد نامعلوم مسلح افراد نے شہر کے کواری اور جان محمد روڈ کے کارنر پر واقع ایک دکان پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ اس وقت کی گئی جب وہ اپنی دکان بند کر رہے تھے۔ ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق سنی مسلک سے ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ادھر خضدار کے علاقے نال سے دو افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
نال میں ایک پولیس کے اہلکار نے بتایا کہ یہ لاشیں تین سے چار روز پرانی تھیں۔
پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ دونوں افراد کو گولی مار کر ہلاک کیا گیا
اہلکار نے بتایا کہ مارے جانے والے دونوں افراد 15 سے 20 روز قبل لاپتہ ہوئے تھے۔
بلوچستان میں سنہ 2008 سے تشدد زدہ لاشوں کی برآمدگی کا سلسلہ جاری ہے تاہم حکام کا دعویٰ ہے کہ ایسے واقعات میں کمی آئی ہے۔







