واشک میں ایف سی کی کارروائی میں ’دو عسکریت پسند ہلاک‘

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع واشک میں فرنٹیئر کور نے ایک کارروائی میں دو عسکریت پسندوں کو ہلاک اور 12 کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
کوئٹہ میں فرنٹیئر کور کے ترجمان کی جانب سے سنیچر کو فراہم کردہ معلومات کے مطابق یہ کارروائی ناگ کے علاقے میں کی گئی۔
ترجمان کے مطابق عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر ایف سی نے اس علاقے میں کاروائی کی ۔
انھوں نے دعویٰ کیا کہ فائرنگ کے تبادلے میں دو عسکریت پسند ہلاک ہوگئے جبکہ 12 کو گرفتار کیا گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ہلاک اور گرفتار ہونے والے عسکریت پسند قومی شاہراہ کی تعمیر میں مصروف فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے کارکنوں اور سکیورٹی فورسز پر حملوں کے علاوہ دیگرجرائم میں ملوث تھے۔
ادھر ضلع کیچ میں نامعلوم مسلح افراد نے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے کارکنوں پر فائرنگ کی ہے۔
کیچ میں انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق یہ حملہ بالگتر کے علاقے میں کیا گیا مگر اس حملے میں کوئی جانی اور مالی نقصان نہیں ہوا۔
ادھر کوئٹہ اور قلعہ سیف اللہ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں میں ’را‘ کے ایک مبینہ ایجنٹ سمیت تین افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
مقامی ذرائع ابلاغ نے فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ کے حوالے سے خبر دی ہے کہ کوئٹہ سے گرفتار شخص بھارتی خفیہ ادارے کا ایجنٹ ہے جس کے قبضے سے دیسی ساختہ بم برآمد ہوا ہے اور وہ چھ ستمبر کو یومِ دفاع کے موقع پر تخریب کاری کرنا چاہتا تھا۔
ایک اور کارروائی میں افغانستان سے متصل قلعہ سیف اللہ کے علاقے گوال اسماعیل زئی سے بھی دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
سکیورٹی فورسز کے ذرائع کے مطابق گرفتار افراد کا تعلق شدت پسند تنظیم سے ہے جن سے اسلحہ و گولہ بارود بھی بر آمد کیا گیا ہے۔
آزاد ذرائع سے تاحال واشک اور قلعہ سیف اللہ میں ہلاک اور گرفتار افراد کی کسی عسکریت پسند تنظیم سے تعلق کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔







