کراچی میں پرتشدد واقعات، تین پولیس اہلکار ہلاک

ہ شہر میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران رواں سال میں 75 پولیس اہلکار ہلاک کیے گئے ہیں

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنہ شہر میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران رواں سال میں 75 پولیس اہلکار ہلاک کیے گئے ہیں
    • مصنف, ریاض سہیل
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

پاکستان کے ساحلی شہر کراچی میں تشدد کے واقعات میں تین پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں جن میں سے دو کو سر میں گولی مار کر ہلاک کیا گیا۔

جمعرات کو نیو ٹاؤن تھانے کی حدود میں بہادر آباد چار مینار چوک کے قریب موٹر سائیکل حملہ آورں نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار پرویز اور عبدلغفار ہلاک ہوگئے۔

ایس ایس پی جاوید جسکانی کے مطابق دونوں اہلکاروں کے سر میں گولی ماری گئی ہے، حملہ آوروں کے ساتھ ایک کار بھی موجود تھی جو انھیں کور دے رہی تھی۔

حکام کے مطابق دونوں پولیس اہلکار آغا خان ہسپتال کی چوکی پر تعینات تھے اور کسی خریداری کے لیے چار مینار چوک آئے ہوئے تھے، جہاں انھیں نشانہ بنایا گیا۔

یاد رہے کہ شہر میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران رواں سال میں 75 پولیس اہلکار ہلاک کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب آرام باغ میں زیر تعمیر عمارت کے احاطے سے ٹریفک اہلکار ریحان کی لاش ملی ہے، پولیس کے مطابق ریحان کو پولیس سے برطرف کیا گیا تھا، ان کی رہائشی قریب واقع ہے۔