کراچی میں ایس پی سٹی پر حملہ، دو حملہ آور ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, ریاض سہیل
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
کراچی کی پولیس کا کہنا ہے کہ ایس پی سٹی آفتاب نظامانی فائرنگ کے واقعے میں محفوظ رہے ہیں جبکہ جوابی فائرنگ میں دو حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
یہ واقعہ بدھ کی دوپہر لیاری کے علاقے جھٹ پٹ مارکیٹ میں پیش آیا۔
ایس پی سٹی آفتاب نظامانی نے بی بی سی کو بتایا کہ انھیں اطلاع ملی تھی کہ جھٹ پٹ مارکیٹ میں کچھ لڑکے دکانداروں کو تنگ کر رہے ہیں جس پر انھوں نے منصوبہ بندی کی کہ دو سڑکیں ایک گروپ اور باقی سڑکیں دوسرا گروپ کور کرے گا۔
آفتاب نظامانی کے مطابق جس سڑک پر وہ موجود تھے وہاں دو موٹر سائیکل سواروں سے سامنا ہوا اور انھوں نے فائرنگ شروع کر دی۔
ایس پی سٹی کے مطابق ان کی اور محافظ کی جوابی فائرنگ میں دونوں حملہ آور مارے گئے جبکہ تیسرا فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
ایس پی آفتاب نظامانی کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی عمریں 18 سے 20 برس کے درمیان ہیں اور ان کی لاشیں سول ہپستال منتقل کر دی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ کراچی ٹارگٹڈ آپریشن کا ایک ہدف لیاری کے گینگز کے خلاف کارروائی بھی ہے۔
رینجرز اور پولیس نے گذشتہ دو سالوں کے دوران شہر میں درجنوں مشتبہ افراد کو ہلاک کیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
واضح رہے کہ گذشتہ ماہ 31 اگست کو کراچی میں پولیس پر نامعلوم افراد کے حملوں میں ٹریفک پولیس کے دو اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔
رواں سال کے دوارن ایسے حملوں میں مرنے والے پولیس اہلکاروں کی تعداد 65 سے تجاوز کر چکی ہے۔







