کراچی میں جیو نیوز کی وین پر فائرنگ سے انجینیئر ہلاک

،تصویر کا ذریعہEPA
- مصنف, ریاض سہیل
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کی ڈی ایس این جی وین پر حملے میں ایک انجینیئر ہلاک اور ڈرائیور شدید زخمی ہوگیا ہے۔
یہ واقعہ منگل کی شب فیروز آباد تھانے کی حدود شہید ملت روڈ پر پیش آیا ہے۔
<link type="page"><caption> کراچی:ٹی وی چینل کی وین پر فائرنگ، تین ہلاک</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/pakistan/2014/01/140117_karachi_killing_rwa" platform="highweb"/></link>
ایس پی گلشن اقبال عابد قائم خانی کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل پر سوار حملہ آوروں نے ایک نجی شاپنگ پلازہ کے قریب جیو کی وین پر فائرنگ کی۔ جس کے نتیجے میں ڈی ایس این جی آپریٹر انجینیئر ارشد علی جعفری اور ڈرائیور انیس چوہان زخمی ہوگئے۔
ڈی ایس این جی آپریٹر انجینیئر ارشد علی جعفری شدید زخمی ہونے کی وجہ سے جانبر نہ ہو سکے۔
انھوں نے بتایا کہ ایک موٹر سائیکل پر تین افراد سوار تھے جن میں سے دو نے اتر کر فائرنگ کی جبکہ ایک موٹر سائیکل پر ہی موجود رہا۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے۔
ایس پی عابد قائم خانی کے مطابق احمد جعفری کو سات گولیاں لگی ہیں۔ زخمی انیس چوہان کو کندھے پر گولی لگی اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ان کے مطابق اس ڈی ایس این جی وین میں چار افراد موجود ہوتے ہیں لیکن حملے کے وقت دو اتر کر دور کھڑے تھے اس لیے محفوظ رہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پولیس کا کہنا ہے کہ اس حملے میں بھی نائن ایم ایم پستول استعمال کیا گیا ہے، جائے وقوعہ سے گولیوں کے سات خول برآمد کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے جیو ٹی وی کی ڈی ایس این جی وین پر فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے فوری طور پر واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ ایک سال میں کراچی میں جیو کے ملازمین پر یہ دوسرا حملہ ہے، اس سے پہلے نامور صحافی اور جیو کے میزبان حامد میر ایئرپورٹ کے قریب فائرنگ میں شدید زخمی ہوگئے تھے۔







