کوئٹہ میں سرچ آپریشن میں 250 افراد گرفتار

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں چار افراد ہلاک اور تین زخمی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 250 سے زائد افراد کو گرفتار کیاگیا ہے۔
کوئٹہ پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ فائرنگ کے واقعات سینیچر کے روز منوجان روڈ اور ڈبل روڈ کے علاقوں میں پیش آئے۔
اہلکار کے مطابق منو جان روڈ سے متصل پیر محمد روڈ پر حجام کی ایک دکان تھی جہاں ایک مسلح شخص آیا اور دکان میں کام کرنے والے افراد پر فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے باعث دکان میں کام کرنے والے دو بھائی ہلاک ہلاک ہو گئے۔ اس واقعے کے بعد دس سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب فائرنگ کا ایک اور واقعہ ڈبل روڈ پر ایک ویلڈنگ کی دکان پر پیش آیا۔
کوئٹہ کےایس ایس پی آپریشنز اعتزازگورایہ نے جائے وقوعہ پر میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ اس علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے ویلڈنگ کی ایک دکان پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق دونوں واقعات ٹارگٹ کلنگ کے تھے اور ان میں ہلاک ہونے والے افراد سیٹلرز تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
کوئٹہ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سرچ آپریشن کا سلسلہ جاری ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق پشتون آباد میں پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کے واقعات کے بعد پولیس اور فرنٹیئر کور کے اہلکاروں نے محمود آباد اور دیگر علاقوں میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کیے ہیں۔
ان علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 243مشتبہ افراد کو گرفتارکیاگیا ہے۔







