بلوچستان میں پولیس موبائل پر فائرنگ، چار اہلکار ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پولیس موبائل پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک انسپیکٹر سمیت چار پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار نامعلوم افراد کوئٹہ کے مشرقی علاقے پشتون آباد کے ڈاک خانہ چوک میں پولیس موبائل پر فائرنگ کے بعد فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں انسپیکٹر علی محمد، عبداللہ کانسٹیبل، عطااللہ کانسٹیبل اور ڈرائیور عبداللہ شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ سنیچر کی صبح پیش آیا۔
حکام کے مطابق پولیس موبائل پشتون آباد کے ڈاک خانے چوک میں معمول کے گشت پر تھی جب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے اس پر حملہ کیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ حملے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے چار پولیس اہلکاروں کو سول ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ اسی دوران ان میں تین اہلکار راستے میں دم تور گئے جبکہ چوتھا ہسپتال پہنچنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
واضح رہے کہ رواں سال چار مارچ کو بلوچستان کے ضلع لورالائی میں ضلعی پولیس افسر کے قافلے پر حملے میں میں کم از کم دو پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔
حملے میں لورالائی کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شیرانی سمیت دو اہلکار زخمی بھی ہوئے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
تحریک طالبان پاکستان نے ایک پیغام میں ڈی پی او کے قافلے پر حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔
لورالائی کوئٹہ شہر سے شمال مشرق میں تقریباً 160 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
لورالائی کی آبادی مختلف پشتون قبائل پر مشتمل ہے۔







