کوئٹہ: ایف سی کے قافلہ کے قریب دھماکہ، ایک ہلاک، چار زخمی

سی سی پی او نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکے میں ایک سو کلو گرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا تھا

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنسی سی پی او نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکے میں ایک سو کلو گرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا تھا
    • مصنف, محمد کاظم
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بم دھماکہ ہوا ہے جس میں ایک شخص ہلاک اور چار زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں فرنٹیئر کور کے تین اہلکار بھی شامل ہیں۔

یہ واقعہ جمعے کو کوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ پر اُس وقت پیش آیا جب فرنٹیئر کور کا قافلہ وہاں سے گزر رہا تھا۔

کوئٹہ کے سی سی پی او عبدالرازق چیمہ نے جائے وقوعہ پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نامعلوم افراد نے ایک رکشے میں دھماکہ خیز مواد نصب کر کے اسے قمبرانی روڈ پر ایک ہوٹل کے قریب کھڑا کر دیا تھا۔

انھوں نے بتایا کہ دیسی ساختہ بم یا دھماکہ خیز مواد کو اس وقت اڑایا گیا جب فرنٹیئر کور کی معمول کی گشت پر مامور دوگاڑیاں وہاں سے گزر رہی تھیں۔

دھماکے کے باعث فرنٹیئر کور کے تین اہلکاروں سمیت پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

زخمی ہونے والے سویلین افراد کو طبی امداد کے لیے سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کر دیا گیا جہاں ان میں سے ایک زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔

دھماکے سے اردگرد کی دکانوں اور عمارتوں کے ساتھ گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاشی شروع کر دی ہے۔

سی سی پی او نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکے میں ایک سو کلو گرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ جس رکشے کو دھماکہ کے لیے استعمال کیا گیا اس کا نمبر مل گیا ہے۔

سی سی پی او نے بتایا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

کوئٹہ میں قمبرانی روڈ کا شمار شہر کے حساس علاقوں میں ہوتا ہے۔ گذشتہ کئی برسوں کے دوران قمبرانی روڈ پر کئی بار قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افراد کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔