کوئٹہ: سرچ آپریشن میں شدت پسند کمانڈر گرفتار

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے قریب سکیورٹی فورسز نے ایک سرچ آپریشن میں کالعدم تنظیم کے کمانڈر کو گرفتار کرنے کادعویٰ کیا ہے۔
سکیورٹی فورسز کے مطابق سنیچر کو سرچ آپریشن کوئٹہ شہر کے قریب لک پاس کے علاقے میں کیا گیا۔
حکام کے مطابق ایک شخص کوگرفتار کرنے کے علاوہ دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق گرفتار ہونے کا شخص کالعدم شد ت پسند تنظیم جنداللہ کا کمانڈر ہے جو کہ مبینہ طور پر ایران میں شدت پسندی کے واقعات میں ملوث ہے۔
محکمہ داخلہ حکومت بلوچستان کے ایک سینیئر افسر نے آپریشن میں اس علاقے سے ایک شخص کی گرفتاری کی تصدیق کی تاہم انہوں نے بتایا کہ تاحال وہ اس بات کی تصدیق نہیں کر سکتے کہ گرفتار شخص کا تعلق کس کالعدم تنظیم سے ہے۔
کوئٹہ میں ہی چند دن پہلے سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر عثمان عرف سیف اللہ سمیت دو افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
حکام کے مطابق شدت پسند عثمان پر کوئٹہ اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں فرقہ وارانہ قتل اور اقدام قتل کے درجنوں مقدمات درج تھے۔
بلوچستان میں شدت پسندی کے واقعات کئی سالوں سے جاری ہیں اور ان میں شیعہ ہزارہ برادری کو متعدد بار نشانہ بنایا گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
گذشتہ ماہ جنوری میں سندھ کے شہر شکار پور کی امام بارگاہ میں خودکش بم حملے کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم جنداللہ نے قبول کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم حکام کی جانب سے بم حملے میں شدت پسند تنظیم لشکر جھنگوی کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
دونوں تنظیمیں پاکستان میں شیعہ برادری کو متعدد بار نشانہ بنا چکی ہیں۔







