کوئٹہ: ٹارگٹ کلنگ میں دو افراد ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں فائرنگ کے ایک واقعے میں دو افراد ہلاک ہوگئے۔
دونوں افراد کی ہلاکت کا واقعہ اتوار کوسیٹلائٹ ٹاؤن کے علاقے میں پیش آیا۔
سیٹلائٹ ٹاؤن پولیس سٹیشن کے ایک اہلکار نے بتایا کہ دونوں افراد ایک سکول کے قریب ریڑھی پر چاول اور چنے بیچ رہے تھے کہ دو نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے ان پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ سے شدید زخمی ہونے کے باعث دونوں افراد ہلاک ہوگئے۔
فائرنگ کے بعد مسلح افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔
ہلاک ہونے والے افراد کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کر دیا گیا جہاں ہلاک ہونے والے دونوں افراد کی شناخت محمد آصف اور محمد عاصم کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس اہلکار کے مطابق ہلاک ہونے والے دونوں افراد کوئٹہ آکر آباد ہوئے تھے اور طویل عرصے سے سیٹلائٹ ٹاؤن میں ریڑھی لگاکر چاول چنے بیچتے تھے ۔ تاحال کسی گروہ یا فرد نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
ان کی ہلاکت کے بارے میں پولیس تحقیقات کر رہی ہے لیکن ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ ہے ۔



