بلوچستان میں تشدد کے واقعات، تین افراد ہلاک

گذشتہ ہفتے ضلع لورالائی میں بھی پولیس اہلکاروں پر حملہ ہوا تھا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنگذشتہ ہفتے ضلع لورالائی میں بھی پولیس اہلکاروں پر حملہ ہوا تھا
    • مصنف, محمد کاظم
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ

پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں فائرنگ اور دھماکہ خیز مواد پھٹنے کے واقعات میں دو پولیس اہلکاروں سمیت تین افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

ہلاک ہونے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے ۔

پولیس پر حملے کا واقعہ پیر کو ضلع نوشکی میں پیش آیا۔

نوشکی پولیس کے ایک اہلکار نے بتایاہے کہ کلی بھٹو کے علاقے میں ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر سمیت دو اہلکار معمول کے گشت پر تھے جب نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے ان کی گاڑی پر پیچھے سے حملہ کیا۔ حملے کے نتیجے میں دونوں اہلکار موقع پر ہلاک ہوگئے۔

اہلکار کے مطابق فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس اہلکاروں پر حملے کی ذمہ داری کالعدم عسکریت پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی ہے۔

خاتون کی ہلاکت کا واقعہ ایران سے متصل ضلع کیچ کے علاقے ہوشاب میں پیش آیا۔

کیچ انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ نامعلوم افراد نے ہوشاب میں سڑک کنارے دھماکہ خیز مواد نصب کیا تھا۔

دھماکہ خیز مواد پھٹنے کے نتیجے میں ایک خاتون ہلاک ہوگئیں۔

ایک ہفتہ قبل ضلع لورالائی میں بھی پولیس اہلکاروں پر حملہ ہوا تھا جس میں تین پولیس اہلکار ہلاک جبکہ ڈی پی او ہرنائی زخمی ہوئے تھے۔