شراب کی دکان پر بم حملہ، تین ہندو زخمی

،تصویر کا ذریعہTHINKSTOCK
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں شراب کی ایک دکان پر دستی بم کے حملے میں تین افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
پولیس کے مطابق بم حملے کا واقعہ جمعرات کی شب کواری روڈ پر پیش آیا۔
گوالمنڈی پولیس کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ نامعلوم موٹر سائیکل سوار اس سڑک پر واقع ایک دکان کے قریب آئے اور وہاں دستی بم پھینکا۔
دستی بم زوردار دھماکے سے پھٹا جس کے نتیجے میں دکان پر موجود تین افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس اہلکار کے مطابق حملے کا نشانہ بننے والی دکان پر شراب فروخت کی جاتی ہے۔
اہلکار کا یہ بھی کہنا تھا کہ زخمی ہونے والے تمام افراد کا تعلق ہندو برادری سے ہے۔
اس حملے کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
زخمیوں کو فوری طور پر علاج کے لیے سول ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ایک کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس واقعے کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہو سکے ہیں اور نہ ہی کسی نے اس کی ذمہ داری قبول کی ہے۔







