سکول بس نالے میں گرنے سے تین بچے ہلاک

پاکستان میں ٹریفک حادثات میں ہلاکتوں کے واقعات عام ہیں

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنپاکستان میں ٹریفک حادثات میں ہلاکتوں کے واقعات عام ہیں
    • مصنف, شمائلہ جعفری
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ایک نجی سکول کی بس نالے میں گرنے سے تین بچے ہلاک ہوگئے ہیں۔

یہ حادثہ جمعے کی دوپہر فیروز پور روڈ پرصوئے آصل کے قریب اس وقت پیش آیا جب بچے سکول میں چھٹی کے بعد واپس جا رہے تھے۔

امدادی کارکنوں کے مطابق بس میں 60 کے قریب طالب علم سوار تھے جن میں اکثریت چھوٹے بچوں کی تھی۔

عینی شاہدین کے مطابق بس انتہائی پرانی تھی اور بےقابو ہو کر روہی نالے میں گری۔

بس گرنے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ادارے ریسکیو 1122 کے اہلکار موقعے پر پہنچ گئے اور ایک گھنٹے کی کارروائی کے بعد تمام بچوں کو نالے سے نکالا۔

امدادی اہلکاروں کے مطابق حادثے میں ایک بچے نے موقعے پر ہی دم توڑ دیا تھا جبکہ دو ہپستال پہنچ کر جان کی بازی ہار گئے۔

ہلاک ہونے والے تینوں بچوں کی عمریں پانچ سے آٹھ سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔

اس حادثے میں چار بچے زخمی بھی ہوئے جنہیں جنرل ہپستال میں داخل کروا دیا گیا ہے۔

پولیس نے سکول کے پرنسپل، ڈرائیور اور بس کے کنڈیکٹر کے خلاف تھانہ کاہنہ میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔

مقدمے کے اندراج کے بعد پرنسپل کوگرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ بس کے ڈرائیور اور کنڈیکٹر ابھی بھی مفرور ہیں۔