قومی اسمبلی کا اجلاس یکم جون کو طلب

صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کے ترجمان کا کہنا ہے کہ صدر نے یکم جون کو قومی اسمبلی کے نو منتخب ارکان کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔
صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ نگراں وزیر اعظم کی جانب سے یکم جون کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی سمری پر صدر نے دستخط کر دیے۔
پاکستان کی سرکاری نیوز ایجنسی اے پی پی کے مطابق قومی اسمبلی کے منتخب ہونے والے ارکان یکم جون کو حلف اٹھائیں گے۔
اس اجلاس کی صدارت قومی اسمبلی کی سابق سپیکر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کریں گی۔ جس کے بعد قومی اسمبلی کے نئے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے لیے کاغداتِ نامزدگی داخل کیے جائیں گے۔
قومی اسمبلی کے نئے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب تین جون کو کیا جائے گا اور اسی روز ایوان کے نئے قائد کے انتخاب کے لیے کاغدات نامزدگی داخل کیے جائیں گے۔
ملک کے نئے وزیر اعظم کا انتخاب پانچ جون کو عمل میں آئے گا۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اور کابینہ کی حلف برداری اور بجٹ پیش ہونے کے مراحل جون کے پہلے ہفتے میں ہی مکمل ہوجائیں گے۔
دوسری جانب پنجاب اسمبلی کا اجلاس بھی یکم جون کو طلب کر لیا گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پنجاب اسمبلی کے نومنتخب ارکان افتتاحی اجلاس میں حلف اٹھائیں گے جس کے بعد سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے عہدوں کے انتخابات عمل میں آئیں گے۔
خیال رہے کہ پنجاب کے نگراں وزیر اعلیٰ نجم سیٹھی نے اتوار کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ صوبے کے نئے وزیر اعلیٰ چھ جون کو حلف اٹھائیں گے۔







