’شہباز چھ جون کو وزیر اعلیٰ کا حلف اٹھائیں گے‘

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے نگراں وزیر اعلیٰ نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ میاں شہباز شریف چھ جون کو پنجاب کے نئے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔

یہ بات پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ نے اتوار کو لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

نجم سیٹھی نے ایک سول کے جواب میں ان خبروں کی تردید کی کہ ان کو امریکہ کا سفیر بنائے جانے کی پیشکش کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گیارہ مئی کو ہونے والے انتخابات میں پنجاب اسمبلی کی کُل 297 نشستوں میں سے 293 پر انتخابات ہوئے۔

پاکستان مسلم لیگ نواز نے پنجاب اسمبلی میں کُل 214 نشستیں جیتی ہیں۔ اس کے علاوہ صوبائی اسمبلی میں 42 آزاد امیدوار بھی آئے ہیں۔

دوسری جانب ریڈیو پاکستان کے مطابق سابق وزیراعلیٰ سندھ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے اپنی جماعت پیپلز مسلم لیگ کو پاکستان مسلم لیگ نواز میں ضم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یہ اعلان انہوں نے اتوار کو لاہور میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما میاں محمد شہباز شریف سے ملاقات کے دوران کیا۔

ارباب رحیم کے فیصلے کو سراہتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ اس سے ملک میں ترقی، خوشحالی اور استحکام کی کوششوں میں مدد ملے گی۔