این اے 250 کے45 پولنگ سٹیشنوں پر اتوار کو ووٹنگ

اس حلقے میں متحدہ قومی موومنٹ کی امیدوار خوش بخت شجاعت اور تحریک انصاف کے امیدور ڈاکٹر عارف علوی کے درمیان مقابلہ تھا
،تصویر کا کیپشناس حلقے میں متحدہ قومی موومنٹ کی امیدوار خوش بخت شجاعت اور تحریک انصاف کے امیدور ڈاکٹر عارف علوی کے درمیان مقابلہ تھا

پاکستان الیکشن کمیشن نے کراچی کے حلقے 250 کے پینتالیس پولنگ سٹیشنوں پر دوبارہ انتخابات کا باضابطہ اعلان کردیا ہے اور یہ انتخابات فوج کی نگرانی میں ہوں گے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ یہ انتخابات اتوار کے روز منعقد کیے جائیں گے۔ اس حلقے میں متحدہ قومی موومنٹ کی امیدوار خوش بخت شجاعت اور تحریک انصاف کے امیدور ڈاکٹر عارف علوی کے درمیان مقابلہ تھا۔

تحریک انصاف نے الزام عائد کیا تھا کہ حلقے کے 45 پولنگ سٹیشنوں پر مبینہ طور پر دھاندلی کی گئی، انتخابی عمل تاخیر سے شروع ہوا یا عملہ غیر تربیت یافتہ تھا۔

متحدہ قومی موومنٹ کی امیدوارخوش بخت شجاعت نے گزشتہ روز ان الزامات کو مسترد کردیا تھا اور مطالبہ کیا تھا پورے حلقے میں دوبارہ انتخابات کرائے جائیں۔

مبینہ دھاندلیوں کے خلاف تحریک انصاف کی جانب سے کراچی میں دھرنے بھی دیے گئے اور سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر بھی بھرپور مہم جاری ہے۔

تحریک انصاف کے برعکس جماعت اسلامی، جمیعت علما پاکستان، سنی تحریک اور مہاجر قومی موومنٹ پورے شہر میں دوبارہ انتخابات کرانے کے مطالبات کر رہی ہیں ان جماعت نے گیارہ مئی کے دن الیکشن کا بائیکاٹ کر دیا تھا۔