’158 غیر ملکی مبصرین کو ویزے جاری‘

پاکستان کے نگراں وزیر اطلاعات عارف نظامی نے کہا ہے کہ غیر ملکی مبصرین انتخابات کی نگرانی میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں اور ایک سو اٹھاون غیر ملکی مبصرین کو ویزے جاری کیے جاچکے ہیں۔
جمعرات کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئندہ دنوں میں مزید غیر ملکی مبصرین کو ویزے جاری کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی دراندازی کو روکنے کیلئے پولنگ کے دن ملک کی سرحدیں بند کر دی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات والے روز پاکستان میں رہنے والے افغان پناہ گزینوں کی نقل حرکت پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔
نگراں وزیر اطلاعات نے کہا کہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پولیس اور رینجرز کی تعیناتی کے علاوہ فوج کی فوری کارروائی کی فورس کو تیار رکھا جائے گا اور پچاس ہیلی کاپٹر فضائی نگرانی بھی کریں گے۔
دوسری جانب پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈایریکٹر جنرل میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ بّری فوج سیکورٹی کی فراہمی اور امن و امان برقرار رکھنے سمیت انتخابات سے متعلق دوسرے فرائض کی انجام دہی کیلئے70 ہزار فوجی تعینات کر رہی ہے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کو آئین کی دفعہ245 کے تحت سول حکومت کی مدد کے لیے طلب کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ پاک فوج کی ذمہ داریوں میں اس پرنٹنگ پریس کو تحفظ فراہم کرنا شامل ہے جہاں بیلٹ پیپروں کی چھپائی ہو رہی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ بیلٹ پیپرز کی بحفاظت نقل و حمل، ریٹرننگ افسروں اورپولنگ سٹیشنوں کو انتخابی مواد کی فراہمی اور امن و امان برقرار رکھنا بھی فوج کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا بلوچستان میں فوج کی تعیناتی رات تک مکمل کرلی جائے گی جبکہ کراچی سمیت سندھ اور پنجاب میں فوج کی تعیناتی کا عمل جمعہ سے شروع کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں فوج کی تعیناتی کا کام جاری ہے جو جلد مکمل کرلیا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس اور پیراملٹری فورسز پولنگ کے دن پولنگ سٹیشنوں کی حفاظت کریں گی جبکہ فوج کی فوری کارروائی کرنے والی فورس مدد کے لیے تیار رہے گی۔







