کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کے وقت میں توسیع

پاکستان میں گیارہ مئی کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا وقت اتوار کی رات 12 بجے تک بڑھا دیا گیا ہے۔
اتوار اکتیس مارچ کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ ہے اور پہلے یہ مدت شام چار بجے ختم ہونی تھی۔
تاہم الیکشن کمیشن نے اب ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ کاغذات جمع کروانے کے وقت میں مزید آٹھ گھنٹے کا اضافہ کیا گیا ہے اور اس ضمن میں ملک بھر کے تمام ریٹرنگ افسروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ایک اور بیان میں الیکشن کمیشن نے امیدواروں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کے بعد ریٹرننگ افسروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کاغذات کی وصولی کے عمل میں ابتدائی مرحلے میں مشکلات کھڑی نہ کریں اور پارٹی ٹکٹ منسلک نہ ہونے یا کسی اورکمی کی وجہ سے ابھی کاغذات نامزدگی مسترد نہ کریں
الیکشن کمیشن کے مطابق اسے تمام پاکستان سے اب تک سات ہزار سے زائد کاغذات نامزدگی موصول ہوچکے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے 40 امیدواروں نے وفاقی دارالحکومت کے دو حلقوں کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
انتخابی شیڈول کے مطابق اب الیکشن کمیشن یکم اپریل سے سات اپریل تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کرے گا۔
کاغذات نامزدگی کو رد یا قبول کرنے بارے میں الیکشن کمیشن کے ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیل دائر کرنے کی حتمی تاریخ دس اپریل مقرر کی گئی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انتخابی ٹربیونل 17 اپریل تک ان اپیلوں پر فیصلہ کرے گا جبکہ امیدواروں کو 18 اپریل تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس لینے کی اجازت ہو گی۔
مکمل چھان بین کے بعد الیکشن کمیشن 19 اپریل کو انتخابی امیدواروں کی حتمی نظر ثانی شدہ فہرست شائع کرے گا جس پر11 مئی کو انتخابات کا انعقاد ہوگا۔







