آئین بحال کریں، وردی اتاریں ورنہ جلسہ بھی، لانگ مارچ بھی: بینظیر بھٹو | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن بینظیر بھٹو نے کہا ہے کہ اگر جنرل مشرف نے وعدے کے مطابق وردی نہ اتاری آئین بحال نہ کیا اور انتخاب وقت پر نہ کرائے تو ان کی جماعت دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر لانگ مارچ کرے گی۔ اس سے قبل پاکستان بار کونسل نے ایمرجنسی کے نفاذ، چیف جسٹس افتخار محمد چودھری سمیت دیگر ججوں کی معطلی اور بڑے پیمانے پرگرفتاریوں کے خلاف وکلاء برادری سے اپیل کی تھی کہ وہ دس نومبر تک تمام ضلعی اور تحصیل عدالتوں کا بائیکاٹ کریں جبکہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کا بائیکاٹ غیرمعینہ مدت تک جاری رکھا جائے۔ نامہ نگار ہارون رشید کے مطابق بار کی نیشنل ایکشن کمیٹی کے دستیاب اراکین سے مشورے کے بعد جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پورے ملک میں ضلعی اور تحصیل عدالتوں کا بائیکاٹ دس نومبر تک جاری رکھا جائے، بارہ نومبر کے بعد وکلاء ماتحت عدالتوں میں پیش ہوسکیں گے تاہم سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کا بائیکاٹ غیرمعینہ طور پر جاری رہے گا۔ بیان کے مطابق جو وکلاء اس ہدایت کی مخالفت کریں گے اور عبوری آئینی حکم نامے کے تحت حلف اٹھانے والے ججوں کے سامنے پیش ہوں گے ان کی بار رکنیت ختم کر دی جائے گی۔ ہمارے نامہ نگار اعجاز مہر کے مطابق ’اے آر ڈی‘ کے اجلاس میں اتحاد کی ایک بڑی جماعت مسلم لیگ نواز نے شرکت نہیں کی اور اس جماعت کے ترجمان احسن اقبال کا کہنا ہے کہ یہ ’اے آر ڈی‘ کا نہیں بلکہ پیپلز پارٹی کے ہم خیال گروہوں کا اجلاس ہے۔ مسلم لیگ نواز کے سیکرٹری جنرل ظفر اقبال جھگڑا کا کہنا ہے کہ انہیں اجلاس میں شرکت کی باضابطہ دعوت نہیں دی گئی۔ اس بارے میں جب ’اے آر ڈی، کے اجلاس کی میزبان جماعت، پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل جہانگیر بدر سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ان کے علم میں نہیں ہے کہ مسلم لیگ نواز کو مدعو کیا گیا ہے کہ نہیں۔ پیپلز سیکریٹریٹ میں منعقد اجلاس میں میزبان جماعت کا دعویٰ ہے کہ پندرہ سیاسی جماعتیں اور مختلف گروپس کے نمائندے شریک ہیں۔ جاری کردہ فہرست کے مطابق اجلاس میں پیپلز پارٹی کے علاوہ کوئی بھی بڑی یا سرکردہ سیاسی جماعت اس میں شریک نہیں ہے۔ اجلاس میں شرکت کرنے والوں میں ایم کیو ایم حقیقی، پاکستان جمہوری پارٹی، پاکستان ڈیموکریٹک پارٹی، پاکستان سالیڈیرٹی فرنٹ، اسلامک ڈیمو کریٹک فرنٹ، مسلم لیگ (قاسم) مسلم لیگ (قیوم) ، پاکستان کرسچین نیشنل پارٹی، مرکزی علماء اہلحدیث، متحدہ علماء فورم، جمیعت مشائخ پاکستان، پاکستان شیعہ پارٹی، آل پاکستان منارٹی الائنس اور پاکستان سرائیکی پارٹی شامل ہیں۔
قبل ازیں بینظیر بھٹو آٹھ سال کے بعد پہلی بار جب اپنی جماعت کے دفتر پہنچیں تو پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے ان پر گل پاشی کی اور ’وزیراعظم بینظیر‘ اور ’اب راج کرے گی بینظیر‘ کے نعرے لگائے۔ بینظیر بھٹو کو مکمل حکومتی پروٹوکول فراہم کیا گیا جبکہ پیپلز سیکرٹریٹ میں صحافیوں کے داخلے کے لیے خصوصی پاسز جاری کیے گئے تھے۔ توقع ہے کہ ’اے آر ڈی، کے اجلاس میں صدر جنرل پرویز مشرف سے مطالبہ کیا جائےگا کہ وہ چودہ نومبر تک آرمی چیف کا عہدہ چھوڑدیں، اسمبلیوں کی مدت ختم ہونے کے بعد نگران حکومتیں تشکیل دیں، الیکشن کا شیڈول جاری کریں اور ایمرجنسی اور آئین کی معطلی کے احکامات واپس لیں۔ دریں اثناء ایمرجنسی کے نفاذ کے چوتھے دن ملک بھر میں وکلاء نے عدالتوں کا بائیکاٹ کیا ہے جس کی وجہ سے عدالتی کام ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے۔ کراچی میں ہائی کورٹ بار کے سابق صدر اختر حسین کا کہنا ہے کہ وکلا آئندہ تین روز تک عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ جاری رکھیں گے اور اتوار کو مزید لائحہ عمل طئے کیا جائےگا۔ لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق سیکرٹری اعظم نذیر تارڑ نے بی بی سی کو بتایا ہے تمام غیر سیاسی وکلاء کی رہائی کے لیے ضمانت کی درخواستیں دائر کی جائیں گی جبکہ وکلا رہنماؤں نے ضمانت پر رہائی سے انکار کر دیا ہے۔ ادھر بدھ کو بھی ہائیکورٹ کی عمارت کے اندرونی اور بیرونی حصوں میں پولیس مامور ہے۔ بلوچستان میں وکلاء نمائندوں کے مطابق روزانہ دس وکیلوں کی جانب سے گرفتاری پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ گرفتار شدہ وکلاء کو صوبے کی سخت ترین جیلوں میں منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ ضلع کچہری اور پریس کلب کے سامنے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری بدھ کو بھی تعینات ہے۔ |
اسی بارے میں ضلعی عدالتوں کا تین روزہ بائیکاٹ 07 November, 2007 | پاکستان اسمبلی اجلاس میں شرکت نہیں:بینظیر06 November, 2007 | پاکستان انتخابات کا اعلان کیاجائے: بینظیر05 November, 2007 | پاکستان آئین تار تار ہے، قربانیوں کا وقت ہے، لوگ اٹھ کھڑے ہوں: جسٹس افتخار 06 November, 2007 | پاکستان انتخابات شیڈول کے مطابق: اٹارنی جنرل05 November, 2007 | پاکستان انتخابات وقت پر کروانے کا اعلان05 November, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||