بیورو رپورٹ بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دِلی، اسلام آباد |  |
| | ممبئی حملوں میں کم سے کم ایک سو اسی سو افراد ہلاک ہوئے ہیں |
ہندوستان نے پاکستان سے ایسے بیس مشتبہ شدت پسندوں کو حوالے کرنے کا مطالبہ کیا ہے جن کے بارے میں اسے یقین ہے کہ وہ پاکستان میں ہیں۔ ہندوستان کے وزیر خارجہ پرنب مکھرجی نے دلی میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ممبئی حملوں کے بارے میں ہندوستان نے پاکستان سے باقاعدہ احتجاج درج کرایا ہے اور پاکستان کو ایک فہرست دی ہے جس میں ان بیس مشتبہ شدت پسندوں کے نام دیئے ہیں اور پاکستان سے کہا ہے کہ وہ ان افراد کو ہندوستان کے حوالے کرے۔ ادھر اسلام آباد میں پاکستان نے بھارت کو ممبئی حملوں کی تحقیقات کے لئے مشترکہ ٹیم تشکیل دینے کی پیشکش کی ہے۔ یہ پیشکش پاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے منگل کے روز سرکاری ٹیلی وژن پر پاک۔ بھارت تعلقات کے بارے میں ایک پالیسی بیان میں کہی۔ نامہ نگار آصف فاروقی کے مطابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ممبئی بم حملوں پر انہوں نے انڈین وزیرخارجہ کے سفارتی احتجاج کے جواب میں اپنے مکمل تعاون کی پیشکش کی ہے۔ ’میں نے بھارت کو مشترکہ کمیشن کی پیشکش کی ہے کہ ہم ملکر اس بات کی تہہ تک پہنچنے کے لئے تیار ہیں۔ اور ایسی ٹیم کی تشکیل کے لئے تیار ہیں جو آپ کی اس تفتیش میں مدد کرے۔‘ ممبئی حملوں کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے رشتے کشیدہ ہوگئے ہیں۔ ممبئی میں بدھ کے روز شروع ہونے والے شدت پسند حملو ں میں میں کم سے کم ایک سو اسی افراد ہلاک ہوگئے تھے جن میں غیرملکی شہری بھی شامل ہیں۔ ہندوستان نے صاف لفظوں میں کہا ہے کہ ان حملوں کے پیچھے پاکستان کے بعض شدت پسند عناصر کا ہاتھ ہے۔ پاکستان نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ہندوستان کو حملوں کی تفتیش میں ہر ممکن مدد کرے گا۔ ممبئی حملوں کے بعد شوراج پاٹل کے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد نئے وزیر داخلہ بننے والے پی چدمبرم نے کہا ہے کہ ممبئی حملوں سے ہندوستان کے سیکولر کردار کو خطرہ ہے اور حملے کے ذمہ داروں سے نمٹنے کے لیے ہندوستان سخت سے سخت کارروائی کرے گا۔ گزشتہ شام ہندوستانی وزارات خارجہ نے پاکستانی ہائی کمیشن کے ساتھ ایک اجلاس کیا تھا جس میں واضح کیا تھا کہ ممبئی حملے پاکستان کے بعض شدت عناصر نے کیے ہیں اور ان کا پتہ لگانے کے لیے پاکستانی حکومت ہندوستان کی ہر ممکن تعاون دے۔ اسی اجلاس کے دوران ان بیس افراد کی فہرست بھی دی گئی تھی جو ہندوستان سے مفرور ہیں۔ ہندوستان کے مطابق وہ پاکستان میں رہ رہے ہیں۔ |