ریحانہ بستی والا بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی |  |
 | | | افواہوں کا بازار پھر گرم ہے |
فلمساز ساجد نڈیاڈ والا آج کل اپنے گھر میں نہیں رہتے ۔۔۔کیا ہوا ۔۔۔کیا بات ہے ؟ ابھی ڈائری شروع ہی کی تھی آپ بھی خیالوں کے گھوڑے دوڑانے لگے ۔ارے بھئی انہیں ان کی بیوی نے گھر سے باہر نہیں نکالا بلکہ اپنی غیر تکمیل شدہ فلم ’جان من‘ کی شوٹنگ کرنے کے لیئے وہ جی جان سے محنت کر رہے ہیں انہیں ڈر ہے کہ اب سلمان کہیں اور نہ چلےجائیں۔ جی ہاں ان کی فلم کا ہیرو اپنا ہینڈ سم سلو ہے اور ساجد ان کے سچے دوست ہیں اس لیئے سلمان پر کتنی ہی مشکلیں آئیں، انہوں نے ہیرو نہیں بدلا ۔پہلے سلمان کے متنازعہ ٹیپ کا معاملہ، پھر سلمان کے پاسپورٹ کا جھنجھٹ۔ اس کے بعد گزشتہ برس کی بارش پھر ایک بار سلمان کا جیل جانا اور پھر جیل سے رہائی کے بعد سلمان کا ورلڈ ٹور۔ اب جا کر سلّو بھیا کی تاریخیں ملی ہیں اور ساجد یہ موقع کھونا نہیں چاہتے۔ انہوں نے فلم کے سیٹ کے پاس ہی اپنی وین کھڑی کر لی ہے اسی میں وہ نہاتے ہیں سوتے ہیں لیکن گھر نہیں جاتے کہ کہیں چلے گئے تو پھر کچھ نہ ہو جائے۔ واہ ساجد دوستی اور لگن ہو تو آپ جیسی۔ لاگی تم سے من کی لگن ہمیں لگتا ہے آنکھ مچولی کا کھیل شاید ایش (ایشوریہ رائے ) اور جونیئر بی (ابھیشیک بچن ) سے اچھا کوئی نہیں کھیل سکتا۔ دنیا کے سامنے چاہے ان کے رشتے ٹوٹ گئے ہوں لیکن دیکھنے والوں نے قسم کھا کر ہمیں بتایا کہ دونوں آج بھی ایک ساتھ ہیں اور محبت کی پینگیں بڑھ رہی ہیں۔ فرق اتنا ہے کہ دونوں اب ذرائع ابلاغ سے بچنے کی بھر پور کوشش کرتے ہیں۔ چینئی میں منی رتنم کی فلم ’گرو‘ میں دونوں ساتھ ساتھ کام کر رہے ہیں اور انہوں نے وہاں کے ستیم تھیٹر میں ایک ساتھ دو فلمیں ’مشن امپاسیبل تھری‘ اور ’ایکس مین تھرڈ‘ ساتھ میں دیکھ لیں پھر صبح تک نائٹ کلب پھر ۔۔۔پھر ۔۔۔۔پھر ہمیں بھی نہیں معلوم ۔۔۔ نشہ اتر گیا، اب معاف کیجئے جان ابراہم آہستہ آہستہ کامیابی کی سیڑھی چڑھ رہے تھے لیکن سنا ہے کہ وہ اس کامیابی کو ہضم نہیں کر پا رہے ہیں۔ ہمیں پتہ چلا کہ جان نے یش راج فلمز کی پیشکش کو ٹھکرا دیا۔ آپ بھی چونکے ناں ! ارے بھئی ان کی فلموں میں تو بڑے سے بڑے سٹار بھی ایک شاٹ کرنا قبول کر لیتے ہیں لیکن جان کا کہنا تھا کہ انہیں ابھیشیک بچن کے بعد سائڈ ہیرو کا کردار دیا جا رہا تھا اس لیئے انہوں نے انکار کر دیا۔  | | | اجے شکل سے بالکل شرارتی نہیں لگتے |
اب ورلڈ ٹور پر سلو بھیا سے جھگڑا ہونے کے بعد صلح پر سلو نے نصحیت کی کہ وہ اس طرح آفر ٹھکرائے گا تو فلم انڈسٹری اسے ٹھکرا دے گی تب جا کر جان کو غلطی کا احساس ہوا اور وہ معافی مانگنے گئے بھی۔ لیکن بتایا جاتا ہے کہ یش راج فلمز کے جونیئر چوپڑہ نے انہیں معاف نہیں کیا۔ جاوید ۔ہمیش کی جوڑی بھئی اس فلم نگری میں جو چلتا ہے وہی بکتا ہے اور جو بکتا ہے وہی چلتا ہے۔ ہمیش ریشمیا آج کل عروج پر ہیں ان کے نغمے ہر ہوٹل، گھر، ڈسکو، پب اور کالج طلباء کے موبائل فون کی ٹیون میں موجود ہیں۔ بچے بوڑھے سبھی نغمے سن رہے ہیں اور سر دھن رہے ہیں۔ سر اور تال کی سمجھ رکھنے والے لوگ پھر چاہے کتنی ہی تنقید کیوں نہ کریں کہ ہمیش ناک سے آواز نکالتے ہیں اور اب تو سنا گیا ہے کہ نامور نغمہ نگار جاوید اختر ہمیش کی دھنوں پر فلم ’نمستے لندن‘ کے گیت لکھیں گے۔ فلم انڈسٹری میں اس جوڑی پر لوگوں کو حیرت بھی ہے۔ ٹھیک ہے بھئی فلم انڈسٹری سے بڑا کوئی شو بزنس نہیں ہے۔ گینگسٹر کی کنگنا فلم گینگسٹر کی ہیروئن کنگنا کی اداکاری کے چاروں طرف چرچے ہیں۔ کسی نے ان کی آواز کی وجہ سے انہیں دوسری مینا کماری کا نام دیا تو کسی نے ان کی سادگی کو سراہا لیکن کنگنا جنہوں نے اپنی پہلی ہی فلم سے نام کما لیا، اپنے لیئے شبانہ اور جاوید صاحب کی تعریف کو ایوارڈ مانتی ہیں اور ہم اسے شبانہ اور جاوید صاحب جیسے فنکاروں کا بڑاپن اور فن کی پرکھ مانتے ہیں۔  | | | جان بہت جلدی مقبولیت کی بلندی پر چلے گئے تھے |
معصوم اجے دیوگن آپ کیا ہم بھی اب تک سمجھتے تھے کہ اجے ایک بہت ہی سنجیدہ فنکار ہیں۔ جتنے سنجیدہ کردار وہ پردے پر نبھاتے ہیں اس سے کہیں زیادہ وہ نجی زندگی میں خاموش طبع شخص ہیں، لیکن نہیں، ہم غلط تھے۔ سیٹ پر ہنسی مذاق کے ساتھ لوگوں کو بے وقوف بنانا تو جیسے اجے دیو گن کے لیئے کھیل ہے۔ کئی ساتھی اداکار ان کا نشانہ بن چکے ہیں اور جب وہ دیکھتے ہیں کہ وہ اجے دیوگن سے جیت نہیں سکتے تو پھر وہ اس ’جرم‘ میں ان کے ساتھی بن جاتے ہیں۔ بے چارہ اِمی عمران ہاشمی فلم گینگسٹر کی شوٹنگ کے لیئے ملک سے باہر تھے۔ ایک روز ان کی ایک پرستار نے ان سے کہا کہ وہ انہیں بانہوں میں لے کر چومنا چاہتی ہے۔ عمران خوش ہیں کہ غیر ممالک میں بھی ان کے پرستاروں کی کمی نہیں ہے، انہوں نے اس خاتون کے ساتھ کافی پینے کا وعدہ کر لیا۔ ڈائریکٹر انوراگ باسو کے ساتھ وہ جب پہنچے تو کیا دیکھا؟ وہی خاتون کسی اور اداکار کےساتھ وہی جملے دہرا رہی تھی اور پتہ ہے وہ اداکار کون تھا ’ آفتاب شیودسانی‘ بیچارے اِمی بے ہوش ہوتے ہوتے بچے۔ ستاروں کی تواہم پرستی ستارے کتنے تواہم پرست ہوتے ہیں اس پر تو پورا آرٹیکل لکھا جا سکتا ہے لیکن ہم آپ کو مختصراً بتاتے چلیں کہ فلم انڈسٹری میں آج کل دو ایسی بڑی اداکارائیں ہیں جو ہر کام کرنے سے قبل جنتر منتر کا سہارا لیتی ہیں، وہ کون ہیں؟ آپ انہیں ان کی فلموں میں ان کے گلے میں پہنے لاکٹ سے پہچان سکتے ہیں۔ کئی فلم پروڈیوسر اپنی فلموں کا نام رکھنے میں بھی تواہم پرستی کا مظاہرہ کرتے ہیں اور اب کرن جوہر نے اپنی فلم ’کبھی الوداع نہ کہنا‘ میں رتیش دیشمکھ کا ایک رقص رکھا ہے۔ آج کل ان کا ماننا ہے کہ رتیش دیشمکھ ان کی فلموں کے لیئے ’لکی‘ ثابت ہو رہے ہیں ۔۔۔۔ کوریوگرافر فرح خان اپنی گاڑی میں بھگوان گنیش کی مورتی رکھتی ہیں۔ ایکتا کپور اپنی ہر سیرئیل کا نام ’کے‘ سے شروع کرتی ہیں اور ۔۔۔۔۔۔۔ چلتے چلتے فلمساز اکبر خان اپنی فلم ’چنگیز خان‘ میں امریکہ، منگولیا، چین، ایران اور پاکستان سے ستاروں کو سائن کریں گے۔ شرمیلا ٹیگور کی خوبصورت بیٹی اور سیف کی بہن سوہا علی خان اپنی آنے والی فلم کے لیئے کتھک کی مشق کرنے میں مصروف ہیں۔ اداکارہ نندیتا داس جو خود بھی ایک سرگرم رضاکار ہیں اب اداکاری کے ساتھ سماجی مسائل پر فلمیں بنانے کی تیاری میں ہیں اور سننے میں آیا ہے کہ ایک بار پھر کرشمہ اور سنجے کپور کی شادی میں دراڑ پڑ گئی ہے (خدا کرے یہ غلط ہو)۔ |