BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Saturday, 20 May, 2006, 16:29 GMT 21:29 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
ایودھیاحملہ: ملزمان کیلیے وکیل نہیں

ایودھیا
ہندو مسلمان دونوں ایودھیا میں ایک مخصوص مقام کے مقدس ہونے کے قائل ہیں اور اسی پر متصادم ہیں ۔
ایودھیا میں بابری مسجد پر حملے کی سازش میں گرفتار کیے گۓ ملزمان کو پیروی کے لیے وکیل نہیں مل رہے ہیں اورجو مل رہے ہیں انہیں پیروی کرنے سے روکا جارہا ہے۔


اس صورت حال سے نمٹنے کے لیے فیض آباد کی مقامی عدالت نے سٹیٹ لیگل ایڈ کمیٹی لکھنؤ سے ایک وکیل مہیا کرنے کی درخواست کی ہے۔

پانچ جولائی 2005 کو مبینہ طور پر پانچ دہشت گردوں نے بابری مسجد کے مقام یا میک شفٹ یا عارضی مندر پرحملہ کیا تھا جس میں سکیورٹی دستوں سے تصادم میں سبھی حملہ آور مارے گۓ تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پانچوں حملہ آور سرحد پار سے آئے تھے اور انکا تعلق لشکر طیبہ سے تھا۔

پولیس نے حملے کی سازش کرنے کے الزام میں گزشتہ برس جولائی میں محمد نسیم، آصف اقبال، محمد شکیل اور محمد عزیز کوجموں سے اور سہارنپور سے ڈاکٹر عرفان کوگرفتارکیاتھا۔

گرفتاری کے بعد سے یہ سبھی ملزم فیض آباد سے 170 کلو میٹر دور الہ آباد کے نینی سینٹرل جیل میں قید ہیں۔ انہیں ہر پیشی پر فیض آباد کے سیشن جج کی عدالت میں لایا جاتا ہے لیکن چونکہ فیض آباد بارایسوسی ایشن نے ایک قرار داد کے تحت اپنے کسی بھی وکیل کو ان ملزمان کی پیروی کرنے سے منع کر رکھا ہے اس لیے ان کا کیس آج تک آگے نہیں بڑھ سکا ہے۔

ایسوسی ایشن کے صدر پرکاش چندر پانڈے نے بی بی سی کو بتایا کہ ’شدت پسندوں کا ساتھ دینے والے ان ملزمان پر ملک سے بغاوت کا بھی الزام ہے اس لیے ہم نےفیصلہ کیا ہے کہ ملک سے بغاوت کرنے والے کے حق میں نہ ہم وکالت نامہ لگائیں گے اور نہ کسی کو ایسا کرنے دیں گے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم آگے بھی اس کی مخالفت کريں گے اور لکھنؤ میں وکلاء کے اجلاس میں بھی اس بات کا مطالبہ کریں گے‘۔

بار ایسوسی ایشن کے اس دباؤ کے سبب تین وکلاء ان ملزمان کے دفاع سےمعذوری ظاہر کر چکے ہیں اور گزشتہ پیشی پر تو ایک وکیل آر کے تیواری نے جب ملزمان کی پیروی کے لیے اپنا وکالت نامہ سیشن جج کو پیش کرنے کی کوشش کی تو انہیں دیگر وکلاء کے عتاب کا نشانہ بننا پڑا اور وہ مارکھاتے کھاتے بچے اور ان کی بار کونسل کی رکنیت ختم کر دی گئی ہے۔

اسٹیٹ لیگل سروس اتھارٹی لکھنؤ نے سیشن جج کے خط ملنے کی تصدیق کی ہے۔ اتھارٹی کے ڈپٹی سکریٹری جگدیش پرساد نے بی بی سی کو بتایا کہ اگر کوئی شخص غریب ہے یاکسی اور وجہ سے وکیل نہیں کر سکتا تو اتھارٹی سرکاری خرچ پر اسے وکیل مہیا کرتی ہے۔ انھوں نے کہا ’انصاف کے ضابطوں کا تقاضا ہے کہ ہر کسی کو اپنے دفاع کا حق ملے۔ مذکورہ کیس مختلف نوعیت کا ہے۔ معاملہ جذباتی ہے، عوام کا دبا‎ؤ ہے اور وکیل کے تحفظ کا بھی معاملہ ہے۔ بہرحال ہمارے جج صاحبان کی کمیٹی مسئلہ کے تمام پہلو‎ؤں پر غور کرکے جلد ہی کوئی فیصلہ کرے گی‘۔

ایودھیا حملہ کے معاملے میں سرکاری وکیل او پی سنہا کا کہنا ہے کہ ان ملزمان کی چارج شیٹ تیار ہے لیکن وکیل دفاع کے نہ ہونے کے سبب چارج شیٹ داخل نہیں ہو پا رہی ہے۔ اس کیس کی اگلی سماعت 26 مئی کو ہونی ہے۔ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ مذکورہ کیس کے پانچوں ملزمان نے اپنا کیس کسی دیگر جگہ منتقل کرنے کی بھی درخواست سیشن عدالت سے کی ہے لیکن اس مسئلے پرانہیں ہائی کورٹ یا سپریم کورٹ سے رجوع کرنےکے لیے کہا گیا ہے۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد