ظاہرہ کے خلاف وارنٹ پرغور | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
گجرات فسادات کی تفتیش کرنے والے ناناوتی کمیشن نے بیسٹ بیکری کی اصل گواہ ظاہرہ شیخ کے خلاف وارنٹ جاری کرنےکا اشارہ کیا ہے۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ بار بار تاکید کے باوجود ظاہرہ کمیشن کے سامنے پیش ہونے میں ناکام رہی ہیں۔ پچیس جولائی کوظاہرہ کی ناناوتی کمیشن کے سامنے پیشی تھی لیکن وہ نہیں آئیں جس کا کمیشن نے سخت نوٹس لیا ہے۔ جسٹس ناناوتی نے کہا ہے کہ’ اگر ایسا ہوتا رہا تو ہمیں سخت کاروائی کرنی پڑےگی۔اگر وہ پھر نہیں حاضر ہوتی ہیں تو ہمیں انکے خلاف وارنٹ جاری کرنا پڑسکتا ہے‘۔ کمیشن نےگزشتہ جون میں ظاہرہ کو خبردار کیا تھا کہ وہ بیسٹ بیکری معاملے میں کمیشن کی پوچھ گچھ میں تعاون کریں ورنہ انکے خلاف قانونی کاروائی کی جائیگی۔ اس وارننگ کے باوجود بھی ظاہرہ عدالت میں حاضر نہیں ہوئیں۔ جون میں ہی سپریم کورٹ نے ہدایات دی تھیں کہ کمیشن سولہ اگست تک ظاہرہ سے انکے بیان بدلنے کے متعلق پوچھ گچھ مکمل کر لے۔ سرکاری وکیل مکل سنہا کا کہنا ہے کہ’ایسا لگتا ہے کہ ظاہرہ کمیشن کی پوچھ گچھ سے بچنے کی کوشش کر رہی ہیں‘۔ پوچھ گچھ کے لیے کمیشن نے ظاہرہ کو چھ اگست کو دوبارہ بلایا ہے۔ ظاہرہ شیخ گزشتہ مئی کے مہینے میں آخری بار کمیشن کے سانے پیش ہوئی تھیں لیکن انہوں نے کمیشن کے بہت سے سوالوں کے جواب دینے سے انکار کردیا تھا اس لیے تفتیش مکمل نہیں ہوسکی۔ مسٹر سنہا کے مطابق آخری بار جب ظاہرہ سے یہ کہا گيا تھا کہ بیسٹ بیکری واقعے میں انہوں جو بھی دیکھا تھا اسے بیان کریں تو انہوں صاف منع کردیا تھا۔ دو ارکان پر مشتمل ناناوتی کمیشن گودھرا میں ٹرین جلنے کے واقعہ اور اسکے بعد ریاست کے فرقہ وارانہ فسادات کی تفتیش کرہا ہے۔ فسادات کے دوران بیسٹ بیکری میں آگ لگا دی گئی تھی جس میں چودہ افراد جل کر ہلاک ہو گئے تھے۔ ہلاک ہونے والے زیادہ تر ظاہرہ کے رشتے دار تھے۔گجرات کی ایک فاسٹ ٹریک عدالت نے ناکافی شہادت کے سبب اس معاملے کے تمام ملزمان کو بری کردیا تھا۔ بعد میں اس مقدمے کی اصل گواہ ظاہرہ شیخ نے انکشاف کیا تھا کہ ملزموں کی دھمکیوں کے سبب انہوں نے عدالت میں گواہی نہیں دی تھی۔ جس کے بعد سپریم کورٹ نے اس معاملے کی ازسر نو سنوائی کے لیے اسے ریاست مہاراشٹر منتقل کردیا تھا لیکن ظاہرہ ایک بار پھر اپنے بیان سے منحرف ہوگئی ہیں۔ ناناوتی کمیشن اس پورے معاملے کی سچائی جاننے کی کوشش کرہا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||