ظاہرہ بیان سے پھر بدل گئیں | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ممبئی کی ایک خصوصی عدالت میں بیسٹ بیکری کی منحرف گواہ ظاہرہ شیخ نے پولیس کو دیئے گئے اپنے بیان سے لا علمی ظاہر کردی ہے۔ گودھرا ٹرین کے واقعہ کے بعد ہونے والے فسادات میں بڑودہ میں واقع بیسٹ بیکری کو بلوائیوں نے جلا دیا تھا ۔ جس میں 14 افراد ہلاک ہو گئے تھے ۔ ظاہرہ شیخ نے پولیس کو جو بیان دیا تھا اس میں اس واقعہ کی پوری تفصیل بتائی تھی اور ملزموں کی شناخت بھی کی تھی لیکن چند ہفتے قبل ظاہرہ اپنے بیان سے منحرف ہوگئی ہیں اور اس نے اس مقدمے میں ان کی مدد کرنے والی سماجی کارکن تیستا ستلواڈ پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے دباؤ ڈال کر ان سے یہ بیا ن دلوایا تھا ۔ اس معاملے میں منحرف ہونے والوں میں ظاہرہ شیخ ساتویں گواہ ہے ، اس سے قبل ان کی والدہ ، بہن ، دو بھائی ، اور دو دیگر گواہ اپنے بیان سے منحرف ہوچکے ہیں۔ سرکاری وکیل نے جب عدالت میں ظاہرہ سے پولیس کو دیے گئے ان کے بیان کے بارے میں دریافت کیا تو انہوں نے کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ ظاہرہ نے کہا ’مجھے نہیں معلوم کہ اس یبان میں کیا لکھا ہے لیکن دستخط ضرور میرے ہیں۔‘ اس مرحلے پر پولیس کے وکیل نے ظاہرہ کو منحرف قرار دیا اور عدالت سے درخواست کی ہے کہ ا ان سے سوال و جواب کرنے کی اجازت دی جائے ۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||